عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ہندوستان کے الیکشن کمیشن نے جمعہ کو 18 ستمبر کو ہونے والے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں شرح پولنگ پر نظر ثانی کر کے اسے 61 فیصد سے زیادہ رائے دہی ظاہر کی۔کمیشن کے ایک ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر کے 24 حلقوں کے لیے فیز 1 میں 61.38 فیصد ٹرن آئوٹ ریکارڈ کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پولنگ کے دن پولنگ سٹیشنوں پر ووٹنگ ٹرن آئوٹ کے رجحانات کو کمیشن نے اپنی ووٹر ٹرن آئوٹ ایپ کے ذریعے ہر دو گھنٹے بعد صبح 9:30 بجے سے سہولت فراہم کی تھی۔اس میں مزید کہا گیا کہ سی ای او جموں و کشمیر نے تصدیق کی ہے کہ تمام پولنگ پارٹیاں بحفاظت واپس آگئی ہیں اور پولنگ کے حتمی ووٹ پوسٹل بیلٹ کی گنتی کے بعد دستیاب ہوں گے۔ پوسٹل بیلٹ میں سروس ووٹرز، غیر حاضر ووٹرز (، جسمانی طور ناخیز، ضروری خدمات وغیرہ(اور الیکشن ڈیوٹی پر ووٹرز) شامل ہیں۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ “اس طرح کے پوسٹل بیلٹ موصول ہونے کا روزانہ حساب، قائم کردہ رہنما خطوط کے مطابق، تمام امیدواروں کو دیا جاتا ہے۔”