پہلی بار آبائی امریکی خاتون وزیرِ داخلہ بن گئیں

واشنگتں //امریکی ایوان نمائندگان کی نیو میکیسیکو سے تعلق رکھنے والی رکن ڈیب ہالنڈ سینیٹ سے منظوری کے بعد امریکی کابینہ میں پہلی نیٹِو امریکن یا آبائی امریکی خاتون، وزیر داخلہ بن گئی ہیں۔صدرجو بائیڈن کی کابینہ میں ڈیب ہالنڈ کی شمولیت، امریکی تاریخ میں کئی حوالوں سے اہم سمجھی جا رہی ہے۔اسی بنا پر جب سینیٹ نے ہالنڈ کی نامزدگی کی 40 کے مقابلے میں 51 ووٹوں سے منظوری دی تو ڈیموکریٹس اور مختلف نیٹِو قبائل نے اس کامیابی کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔ان کے مطابق ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ امریکہ کے ایک ملک کی حیثیت سے وجود میں آنے سے قبل یہاں بسنے والے لوگوں کا کوئی نمائندہ اس وزارت کی رہنمائی کرے گا جو امریکی سرزمین پر بسنے والے وفاق کے تسلیم کردہ 600 قبائل کے متعلق فیصلے کرنے کا مجاز ہے۔سینیٹ میں اکثریتی ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما چک شومر نے کہا کہ ہالنڈ کی نامزدگی کی منظوری ایک ایسی حکومت کی تشکیل کی طرف ایک بہت اہم قدم ہے جو امریکہ کی آبادی کے تنوع کی نمائندگی کرے۔انہوں نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے بائی امریکیوں کو کابینہ کی سطح پر نمائندگی کے معاملے پر نظر انداز کیا گیا۔