جموں //جموں و کشمیر کے پہاڑی قبائلی رہنماؤں نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کی جس کی قیادت بی جے پی جموں و کشمیر کے جنرل سیکر یٹری اور سابق ایم ایل سی وبود گپتا کررہے تھے ۔اس میٹنگ کے دوران وبود نے امت شاہ کو بتایا کہ پہاڑی قبیلہ جموں و کشمیر میں 12 لاکھ کی آبادی پر مشتمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ قبیلہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ایس ٹی درجے کیلئے جدوجہدکررہا ہے تاہم سابقہ حکومتوں نے طبقہ کویکسر نظر انداز رکھا۔ پہاڑی قبیلے کی حالت زار پر روشنی ڈالتے ہوئے پہاڑی رہنماؤں نے کہا کہ ایل او سی کے قریب ہونے کی وجہ سے یہ کمیونٹی ماضی میں تقسیم، دو جنگوں اور دہشت گردی کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے پہاڑی قبیلے کو 4 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے اور پہاڑیوں کی حالت زار کو تسلیم کرنے پر امت شاہ اور مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج پہاڑی قبیلے کو مرکزی قیادت سے خاص طور پر پی ایم مودی اورامت شاہ سے بہت زیادہ توقعات ہیں۔اس دوران وزیر داخلہ نے مثبت اشارے دیتے ہوئے کہاکہ جلد ہی پہاڑی طبقہ کیساتھ انصاف کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا کی مرکزی حکومت ’سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کا وشواس ‘نعرے پر چل کر تعمیر و ترقی کو یقینی بنا رہی ہے ۔ ” اس موقع پر امت شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ پورا ملک جموں و کشمیر سے محبت کرتا ہے اور پہاڑی لیڈروں سے مطالبہ کیا کہ وہ پی ایم مودی کے وژن اور مشن کے مطابق ایک مضبوط اور متحرک نئے جموں و کشمیر بنانے کے لئے متحرک ہو کر کام کریں ۔اس وفد میں سابق وزیر مشتاق بخاری، محمد اقبال ملک، محمد رفیق چشتی، سابق ایم ایل سی سعید رفیق شاہ، ڈی ڈی سی قیوم میر، ڈی ڈی سی سہیل ملک، راجہ وقار آصف، خورشید احمد میر، گرودیو ٹھاکر ودیگران بھی موجود تھے ۔