پہاڑی طبقہ کو ایس ٹی درجہ دینے کی مانگ

کوٹرنکہ //پہاڑی طبقہ کے لیڈران و معززین نے جموں وکشمیر انتظامیہ کیساتھ ساتھ بھاجپا کی مرکزی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پہاڑی قبائل کو جلدزجلد ایس ٹی کا درجہ دیا جائے تاکہ اس طبقہ کے نوجوانوں کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں ۔یہاں جاری ایک بیان میں ارشدحسین میر و دیگر معززین نے کہاکہ جموں وکشمیر بالخصوص راجوری پونچھ میں گوجر بکروال اور پہاڑی طبقہ کو ایک جیسی ہی مشکلات درپیش ہیں جبکہ انتظامیہ کو چاہئے کہ ودنوں طبقوں کو یکساں سہولیات بھی فراہم کی جائیں تاکہ دنوں طبقوں کی فلاح و بہبود ممکن ہو سکے ۔انہوں نے کہاکہ موسم گرما کے دوران دونوں طبقوں کے لوگ نقل مکانی کرکے ڈھوکوں میں اپنے مال مویشیوں کے ہمراہ جاتے ہیں لیکن اس کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے کروائے جارہے سروے میں پہاڑی طبقہ کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ حد بندی کا عمل مکمل ہونے سے قبل ہی پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دیا جائے ۔