کرناہ //پہاڑی زبان کے معروف فنکار محمد مقبول خان بدھ کو اپنے آبائی گھر لونٹھا کرناہ میں انتقال کر گئے۔ وہ پچھلے کچھ عرصے سے علیل تھے۔ موصوف سابق پولیس افسر تھے۔ انہوں نے پہاڑی موسیقی میں چار چاند لگا دینے میں کوئی کسرنہیں چھوڑ دی تھی۔ان کی موت سے کرناہ میں ہر سو رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ۔موصوف کلچرل کلب ٹنگڈار کے بانی ممبران میں شمار ہوتے تھے ۔پہاڑی کلچرل کلب کرناہ نے ان کی موت کو کلب کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔کلب کے صدر عبدالرشید قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ محمدمقبول خان ہمیشہ پہاڑی عوام کے دلوں میں بستے رہیں گے۔کرناہ کی سیاسی، سماجی اور ادبی تنظیموں سے وابستہ افراد نے موصوف کی موت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ جموں وکشمیر پہاڑی ویلفیئر فورم ، سابق ایم ایل اے کفیل الرحمان ایڈوکیٹ راجہ منظور،سابق ایم ایل سی جاوید مرچال ،کانگریس لیڈر پروفیسر جہانگیر دانش ، علی اصغر خان ، جہانگیر خان، میر حیدر ندیم،مرکزی جامع مسجد ٹنگڈار کے خادم وپرنسپل ہائر سکینڈری سکول ٹنگڈار خواجہ منصور احمد،سیول سوسائٹی کرناہ کے صدر پیر زادہ سراج الدین قریشی ،ٹنل کارڈی نیشنل کمیٹی کے صدر ولی احمد قریشی، عبدالحمید قریشی ،کلچرل اکیڈمی کے شعبہ پہاڑی کے ایڈیٹر محمد ایوب نعیم کے علاوہ دیگر لیڈران نے بھی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔
پہاڑی زبان کے معروف فنکار فوت | کرناہ کی سیاسی ،سماجی ادبی تنظیموں کا اظہار رنج
