پہاڑوں پر برفباری، ریاست بھر میں بارشیں، خشک سالی کے بعد شادمانی

 بانہال+سرینگر//پیر پنچال کے آر پار ہلکی برفباری اور موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں سرینگر جموں شاہراہ پر 8گھنٹوں تک ٹریفک کی آمد و رفت روک دی گئی۔ٹریفک کنٹرول یونٹ رام بن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کی صبح ماروگ ، انوکھی فال ، ڈگڈول اور پنتھیال کے مقام پر پتھروں اور پسیوں کے گر آنے کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی اور ٹریفک کو کئی مقامات پر روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دوپہر کے قریب شاہراہ پر گر آئی پسیوں کو صاف کرکے ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے درماندہ مسافر بردار گاڑیوں کوترجیحی بنیادوں پر چھوڑ دیا گیا اور بعد میں مال بردار گاڑیوں کو بھی آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی۔ادھر وادی کے میدانی علاقوں میں جمعہ کی صبح اور سہ پہر کو بارشیں ہوئیں جبکہشمالی کشمیر کے صحت افزاء مقام گلمرگ ، کونگہ ڈوری، ٹنگمرگ، بابا ریشی، افروٹ پہاڑیوں اورمضافاتی علاقوں کے ساتھ ساتھ پہلگام کے آڑو اور چندن واڑی میںبھی برفباری ہوئی ۔کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابق کنگن ،گنہ ون، گنڈ ،کلن اورگگن گیرمیں جمعرات کی شام سے موسلادھار بارشوں کے ساتھ ساتھ  پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا جوجمعہ کے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہا تاہم صحت افزا مقام سونہ مرگ اور زوجیلا میں برفباری نہیں ہوئی ۔کپوارہ سے اشرف چراغ  کے مطابق جمعرات کی شام سے ہی کپوارہ کے میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشو ںاور بالائی علاقوں میں برف بار ی کا سلسلہ شروع ہوا۔زیڈ گلی پر 1فٹ کے قریب برف جمع ہوئی ہے ۔کرناہ کی نستہ چھن گلی (سادھنا ٹاپ)پر 8اور کیرن کی فرکیا ں گلی پر 7انچ تازہ برف ریکارڈ کی گئی ۔برف باری کے نتیجے میں چوکی بل کرناہ ،میلیال کیرن اور سر کلی مژھل سڑکو ں کو گاڑیو ں کی آمد رفت کے لئے بندکر دیا گیا ہے۔اننت ناگ اور شوپیان اضلاع کے بالائی علاقہ جات میںہلکی برفباری کی اطلاع ملی ہے۔سرینگر کے ساتھ ساتھ بارہمولہ، کپوارہ، بانڈی پورہ، سوپور، ٹنگمرگ، پٹن، بڈگام، بیروہ، خانصاحب، گاندربل، کنگن، پلوامہ، پانپور، شوپیان، کولگام، اننت ناگ، مٹن، بجبہاڑہ قاضی گنڈ، ترال اور اونتی پورہ شامل ہیں، میں ہلکی سے درمیانہ اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارشیں ہوئیں ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ48گھنٹوں میں مزید بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے متعدد بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دو روز تک موجودہ موسمی حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی ۔