پہاڑوں اور جنگلات میں 75ٹریک بنانے کا منصوبہ

سرینگر // پرنسپل چیف کنزرویٹر جنگلات ڈاکٹر موہت گیرا جو کشمیر کے چار روزہ دورے پر ہیں،نے شنکرآچاریہ پہاڑی کے آس پاس ٹریکنگ کیلئے تیار کئے جانے والے 5.5 کلومیٹر کے نرم ٹریک روٹ کی پیشرفت کا معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات اسکول اور کالج کے طلباء اور اس تاریخی مذہبی مقام پر آنے والے دیگر زائرین کیلئے ٹریکس کا انعقاد کرنے کے لیے مقامی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔دورے کے دوران چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر خوبصورت جگہ ہے اور سیاحوں کیلئے ایک پسندیدہ مقام ہونے کے ناطے ٹریکنگ کی یہاں بہت زیادہ گنجائش ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات جموں اور کشمیر میں ٹریکنگ کیلئے75راستے تیار کر رہا ہے جن میں سے بہت سے پہلے ہی کام کر رہے ہیں جیسے بدریکالی سے گالگنزارا، بھدرکالی سے سنجی پورہ، راج پور سے پتھری ،تریموکھن ،کیروان غوطہ شمالی کشمیر اور مانسر، مہورے گڑھ، ڈی کے جی سے رتن پیر اور ڈی کے جی سے نوری چھمب تک علاقے شامل ہیں ۔ڈاکٹر گیرا نے کہاجموں و کشمیر میں ٹریکنگ  کے دوران یہاں کے دلکش قدرتی نظاروں سے ہر کوئی لطف اندوز ہوتا ہے۔ ٹریکنگ کی سرگرمیوں میں پرندوں کا سفر، پیدل سفر، فطرت کی تشریح اور جنگلی حیات کی فوٹو گرافی بھی شامل ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ اُمید ہے کہ حکومت کے اس اقدام سے خاص طور پر مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور اس کے علاوہ جموں و کشمیر کے جنگلات، جنگلی حیات اور مجموعی طور پر حیاتیاتی تنوع کو بھی فروغ ملے گا۔دریں اثنا، محکمہ نے ٹریک روٹس پر ایک کتابچہ جاری کیا ہے جس میں جموں و کشمیر کے تمام 75 ٹریک روٹس کی تفصیلات دی گئی ہیں۔