سرینگر //سرینگر کے کاٹھی دروازہ میں قائم پکھری بل واٹر ٹریمنٹ پلانٹ سے سپلائی ہونے والے گندے پانی کے نتیجہ میں متعدد افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوگئے ہیں۔پائین شہر کے سعدہ کدل ، کاٹھی درازہ ، بیرونی کاٹھی دروازہ، خوجہ یار بل اور دیگر متعدد علاقوں میں لوگ پکھری بل سے سپلائی ہونے والے مٹی ، کیڑے دار اور بد بودار پانی سے لوگ بخار اور دست کے شکار ہورہے ہیں۔ خواجہ یاربل کے عارف احمد نے بتایا کہ گندے پانی کی سپلائی سے کئی افراد بیماریوں کے شکار ہوگئے ہیں جنکو علاج و معالجہ کیلئے اسپتالوں کا رخ کرنا پڑا ۔انہوںنے بتایا کہ پکھری بل ٹرینمنٹ پلانٹ میں کاربن چیمبر کئی سال قبل خراب ہوگیا تھا جسکو ٹھیک نہیں کیا جارہا ہے اور پچھلے تین سال سے متواتر طور پر محکمہ پی ایچ ای لوگوں کو گندہ پانی فراہم کررہا ہے جسکی وجہ سے کئی افراد بیماریوں کے شکار ہوگئے ہیں۔ کاٹھی دروازہ کے زیبر احمد نے بتایا کہ علاقے کے لوگوں نے اس حوالے سے کئی بار محکمہ پی ایچ ای کو مطلع کیا مگر محکمہ کے اعلیٰ افسران پکھری بل ٹریٹمنٹ پلانٹ کی جانب کوئی بھی توجہ نہیں دے رہا ہے۔ان شکایات کا اعتراف کرتے ہوئے چیف انجینئر پی ایچ ای عبدالواحد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ پچھلے تین سال سے وہاں گندے اور بد بو دار پانی کی سپلائی کی شکایات مل رہی تھی مگر ہم نے اب وہاں کاربن چیمبر نصب کرنے کے علاوہ پلانٹ کی صفائی بھی کرائی ہے ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پکھری بل ٹریٹمنٹ پلانٹ سے سپلائی ہونے والے پانی کے بارے میں لوگوں کے ذہنوں میں شکوک پائے جاتے ہیں ،تو اس پلانٹ سے پانی بند کرکے رنگل واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے لوگوں کو پانی فراہم کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پکھری بل واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں کاربن چیمبر کی عدم دستیابی کی وجہ سے پلانٹ کو بند کردیا گیا ہے۔
٭٭٭