رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے پکھرنی گائوں کے مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ ومحکمہ جل شکتی سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پکھرنی پنچایت کی 3وارڈوں میں پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے ایک علیحدہ سے واٹر سپلائی سکیم تعمیر کی جائے۔انہوں نے کہاکہ گائوں میں پانی کی قلت کو پورا کرنے کیلئے ایک واٹر سپلائی سکیم بنائی گئی ہے لیکن اس سکیم کے زیر تحت 300سے زائد گھر موجود ہیں جس کی وجہ سے مذکورہ سکیم کے سبھی گھروں میں پانی کی قلت کو پورا نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مذکورہ پنچایت کی تین وارڈیں گزشتہ کئی برسوں سے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کررہی ہے لیکن متعلقہ محکمہ کو اس مشکل کا علم ہونے کے باوجود بھی اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پانی کی قلت کی وجہ سے مقامی لوگ بالخصوص علاقہ کی خواتین میلو ں پیدل سفر کر کے قدرتی چشموں سے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کیساتھ ساتھ محکمہ جل شکتی کی اعلیٰ قیادت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ پنچایت کی تین وارڈوں کیلئے ایک علیحدہ سے واٹر سپلائی سکیم شروع کی جائے ۔