پٹیالہ میں ڈورو کا نوجوان جان لیواحملہ میں شدیدزخمی

اننت ناگ // پنجاب کے پٹیالہ ضلع میں اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے نوجوان پر جان لیوا حملہ ہواہے جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا ہے۔19 سالہ دانش کمہار ولد محمد اسماعیل کمہار ساکنہ شانگرن ڈورو پر پنجاب کے پٹیالہ ضلع میں بدمعاشوں نے چاقو سے حملہ کیاجس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا اور اس کو نازک حالت میں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔نوجوان یہاں مقامی ہوٹل میں کام کرتا ہے۔ خبر پھیلتے ہی اس کے آبائی علاقہ میں لوگوں میں تشویش پیدا ہوئی۔ اس کے علاوہ کئی والدین کو ملک کے مختلف  ریاستوں میں کام کر رہے اپنے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے فکر لگ گئی۔مقامی لوگوں نے واقع میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کی مانگ کی۔انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ زخمی بچے کے والدین پٹیالہ پہنچ گئے ہیں تاہم انہیں اسپتال میں زیر علاج اپنے بیٹے سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔اس بیچ پولیس نے تھانہ کوتوالی میں تعزیرات ہند کی دفعہ 307 کے تحت قتل کی کوشش کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔پنچاب کے وزیراعلیٰ کپٹین امریندر سنگھ کے میڈیا ایڈوائزر روین ٹکھرال نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ڈی سی پٹیالہ نے انہیں معلومات فراہم کیں کہ زخمی نوجوان کو راجندرا ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ان کا علاج ہو رہا ہے۔انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے ایس ایس پی پٹیالہ سے بات چیت کی ہے۔ ایس ایس پی نے انہیں یقین دہائی کرائی کہ ان پر کسی طرح کا دباؤ نہیں ہے اور مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔روین ٹکھرال نے بتایا کہ ایس ایس پی اپنی ٹیم کے ساتھ ہسپتال پہنچے ہیں اور معاملہ کی جانچ کی جا رہی ہے ساتھ ہی زخمی نوجوان  کے اہلخانہ کو ہر طرح کی مدد کی جارہی ہے۔