پٹھان کوٹ فوجی چھاونی گیٹ کے باہر گرینیڈ دھماکہ

جموں// پنجاب کے ضلع پٹھان کوٹ میں ایک فوجی چھاؤنی کے نزدیک پر اسرار گرینیڈ دھماکے کے بعد جموں وکشمیر کے سرحدی ضلع کٹھوعہ میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ پڑوسی ریاست پنجاب کے ساتھ سرحدیں شیئر کرنے والے علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔ پٹھان کوٹ میں واقع فوجی چھاؤنی کے تروینی گیٹ کے باہر اتوار کے روز ایک گرینیڈ حملہ کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ اس حملے میںکوئی زخمی یا  ہلاک نہیں ہوا۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب یہاں سے شادی میں شرکت کرنے والے باراتی گذر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد گرینیڈ کا ایک حصہ بر آمد کیا گیا جس کی تحقیقات کی جا رہی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ دھماکے کے پیش نظر ضلع کٹھوعہ میں تمام داخلی و خارجی پوائنٹس پر سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام داخلی پوائنٹس پر گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کی جا رہی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ 2 جنوری 2016 کو جنگجوؤں نے پٹھان کوٹ ائیر بیس پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک لیفٹیننٹ کرنل سمیت سات فوجی جوان جان بحق ہوئے تھے ۔