پٹوار ایسوسی ایشن کا راجوری اور پونچھ میں احتجاج

راجوری +مینڈھر //پٹوار ایسوسی ایشن کی جانب سے خطہ پیر پنچال کے ضلع راجوری اور پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن میں احتجاج کیا گیا جس کے دوران انہوں نے دفاتر میں کام بھی نہیں کیا ۔راجوری میں ایسوسی ایشن اراکین نے جموں میں متعلقہ محکمہ کے ملازمین کی ہوئی گرفتاری کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔ایسوسی ایشن اراکین ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کے دفتر کے سامنے جمع ہو گئے اور انہوں نے گرفتار شدہ ملازمین کے حق میں شدید نعرے بازی کی ۔احتجاج کررہے ملازمین نے بتایا کہ محکمہ مال انتظامیہ کی ریڑ ھ کی ہڈی کا کام کرتا ہے لیکن اس کے خلاف مذکورہ نوعیت کے اقدامات افسوس ناک ہیں ۔اسی طرح مینڈھر میں بھی ملازمین کی جانب سے اپنی مانگوں کو لے کر کام چھوڑ ہڑتال کی گئی ۔ملازمین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گرفتار شدہ ملازمین کو جلدازجلد رہا کیا جائے ۔اسی طرح پٹواری ایسوسی ایشن پونچھ نے محکمہ مال کی کارڈی نیشن کمیٹی کے بینر تلے پر امن احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا۔انہوں نے حالیہ دنوں پولیس کے ذریعہ جموں سے کچھ پٹواریوں اور انکے ساتھ ریکارڈ کو حراست میں لئے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پٹواریوں کے ساتھ نا انصافی اور انکے پیشہ کو بدنام کئے جانے کا الزام لگا۔انہوں نے جلد سے جلد ان پٹواریوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ پٹواری ایسوسی ایشن کے ضلع صدر پونچھ نے کہا کہ جموں میں لگاتار پٹواری احتجاج کر رہے ہیں اور اپنے مطالبات انتظامیہ کے سامنے رکھ رہے ہیں چونکہ حکام کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا اسلئے پٹوار ایسوسی ایشن پونچھ بھی اس سلسلہ میں احتجاج کرنے پر مجبور ہوئی ہے ۔