نیوز ڈیسک
پٹن//ضلع بارہمولہ کے پٹن کے علاقے گنڈ ابراہیم میں بدھ کی صبح جھگڑے کے دوران ایک شخص ہلاک اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔
نیوز ایجنسی کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق گاوں میں زمین کے کچھ تنازعہ پر دو خاندانوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ جھگڑے کے دوران ایک شخص پر کلہاڑی سے حملہ کیا گیا اور وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسے بعد میں علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا، تاہم، وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ جھڑپ کے دوران ایک خاتون بھی زخمی ہوئی۔
جاں بحق شخص کی شناخت ثنا اللہ ڈار (56) کے طور ہوئی ہے، جب کہ زخمی خاتون کی شناخت راجہ بیگم (45) کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی خاتون کو جدید علاج کے لیے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس دوران ایک پولیس اہلکار نے کے این ایس کو بتایا کہ انہوں نے ایک کیس درج کر لیا ہے اور اس سلسلے میں تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ (KNS)