بارہمولہ// فیاض بخاری // پٹن کے برن علاقے کے میں جمعرات کوپینے کے صاف پانی اور بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی اور پی ڈی ڈی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوئی۔مظاہرین نے متعلقہ محکموں پر الزام عائدکیا کہ جل جیون مشن اسکیم پر بھاری رقم خرچ کرنے کے باوجود محکمہ جل شکتی مقامی لوگوں کو ماہ رمضان کے اس مقدس مہینے میں بھی پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں ناکام نظر آرہا ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقہ پچھلے کئی ہفتوں سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے جس کی وجہ سے لوگ آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہی حال بجلی کا بھی ہے سحری اور افطاری کے اوقات کے دوران بجلی کا نام و نشان نہیں ہوتا جس کے نتیجے میں صارفین کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔اس دوران بارہمولہ سرینگرشاہراہ پر ٹریفک روک دی گئی جس کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم پٹن پولیس اور انتظامیہ کے کچھ اہلکار جائے موقع پر پہنچے جس کے بعد انہوں نے احتجاجی خواتین کو یقین دلایا کہ وہ ان معاملات کو اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے جس کے بعد مظاہرین پرامن طور منتشر ہوئے۔