پٹرول پمپ کو50ہزار روپے کا جرمانہ | تیل کی چوری بھاری محکمہ لیگل میٹرولوجی کی انفورسمنٹ ٹیم حرکت میں

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// لیگل میٹرولوجی سرینگر کے انفورسمنٹ یونٹ کی ایک ٹیم نے کل سری نگر کے ایک پیٹرول پمپ کے خلاف صارفین کو کم ایندھن فراہم کرنے پر مقدمہ درج کیا ہے۔لیگل میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اچانک معائنہ کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ پٹرول پمپ کی دو نوزلیں ہر 5 لیٹر کے مقابلے میں 40 ملی لیٹر کم ایندھن فراہم کر رہی ہیں جس کی وجہ سے ایسی نوزلز کو موقع پر ہی ضبط کر کے 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیااور مجرم کو موقع پر ہی پکڑا گیا۔ اس پمپ سٹیشن کے دیگر تمام نوزلز ہر 5 لیٹر کے مقابلے میں کم از کم 10 سے 15 ملی لیٹر تک کم ڈیلیور کرتے ہوئے پائے گئے۔ میٹرولوجی ایکٹ کے سیکشن 30 کے تحت مجرم کے خلاف فوری طور پرکارروائی کی گئی اوراس سے یہ عہد لیا گیا کہ مستقبل میں اس طرح کا جرم نہیں دہرایا جائے گا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایندھن کی ترسیل میں درستگی صارفین کا بنیادی حق ہے اور قانونی میٹرولوجی ایکٹ 2009 کی رو سے سامان اور خدمات کی کوئی بھی کم ترسیل ایک سنگین جرم ہے۔دریں اثناء شوپیان میں صارفین شکایت کررہے ہیں کہ وہاں متعدد پیٹرول پمپوں پرلازی خدمات نہ ہونے سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔صارفین نے شکایت کی کہ ترکہ وانگام شوپیان میں قایم پیٹرول پمپ پر اگرچہ ٹائروں کو ہوا بھرنے کی مشین ہے تاہم یہ ہمیشہ بیکار پڑی رہتی ہے اورایک ہی ملازم کو پورا پمپ چلانے کیلئے رکھا گیا ہے جبکہ دیگر مفت خدمات جوکہ لازمی ہیں ،نہ ہونے کے برابر ہیں ۔علاقہ کے لوگوں نے مانگ کی ہے کہ مذکورہ پمپ کی جانچ کی جائے اور مفت خدمات کی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہر پیٹرول پمپ مالک کا فرض ہے کہ وہ صارفین کے بہترین اطمینان کے لیے ایندھن کی ترسیل کی جانچ میں سہولت فراہم کرے۔