پُر اسرار’ شوٹ آئو ٹ ‘سے فوجی زخمی

راجوری //راجوری ضلع کے سندر بنی سب ڈویژن میں مشکوک نقل و حرکت کے بعد فوج کی جانب سے شروع کر دہ تلاشی آپریشن کے دوران پُر اسرار ’شوٹ آئوٹ‘میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیا تاہم فوج کی جانب سے دوسری دن بھی تلاشی مہم جاری رکھی گئی ۔غور طلب ہے کہ سندر بنی کے دادل گائوں میں گزشتہ دنوں ہوئی مشکوک نقل و حرکت کی اطلاعات ملنے کے بعد فوج کی جانب سے ایک تلاشی مہم شروع کی گئی تاہم ابھی تک کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی ۔سرکاری ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہونے کیساتھ ہی سیکورٹی فورسز کی جانب سے ایک آپر یشن شروع کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب آپریشن کے دوران پُر اسرار طور پر گولی چلنے کی وجہ سے ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیا جس کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ تلاشی کے دوران طرفین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے دوران ایک فوجی اہلکار معمولی طورپر زخمی ہو گیا ۔اس بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ تلاشی مہم مشکوک نقل و حرکت کی اطلاعات ملنے کے بعد شروع کیا گیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ رات کے بعد کوئی تازہ فائرنگ کا واقعہ سامنے نہیں آیا ہے ۔
 
 

راجوری میں ہائی الرٹ جاری 

سمت بھارگو 
راجوری //راجوری ضلع کے سندر بنی سب ڈویژن میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد راجوری ضلع میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے ۔اس دوران سیکورٹی فورسز کو متحرک کر کے گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ ضلع کے تمام داخلی اور خارجی پوئنٹس پر بھی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ سندر بنی کے سرحدی علاقوں میں ہوئی مشکوک نقل وحرکت کے بعد علاقہ میں ایک تلاشی آپریشن جاری ہے جبکہ ضلع کے دیگر حصوں میں بھی سیکورٹی کو ہائی الرٹ پر رکھ دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مخصوص جگہوں پر سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کیساتھ ساتھ انٹیلی جنس ایجنسیوں کو بھی متحرک کردیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حدمتارکہ کے قریبی علاقوں جن میں لام ،کلسیاں ،جھنگڑ ،کیری ،ترکنڈی ،بابا کھوڑی ،نوشہرہ ،کیری اور منجا کوٹ کے سرحدی علاقوں میں احتیاط برتی جارہی ہے ۔