پُرون گام زووستان آری پل ترال سرکار کی نظروں سے اوجل

ترال // ترال سے قریب25کلو میٹر دور پُرون گام زووستان آری پل دور جدید میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے جس کی وجہ سے علاقے کی آبادی کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایاگائوں قریب 24گھرانوں پر مشتمل ہے ،تاہم تاحال ترقی کے اس جدید دور میں رابط سڑک سے محروم ہے، جس کی وجہ سے آبادی کو عبورو مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ریاض احمد نامی ایک نوجوان نے بتایا موسم سرما خاص کر برف کا موسم یہاں کے مکینوں کیلئے کسی قیامت سے کم نہیں ہو تا ہے اور اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ برف باری کا ایک ماہ گزر جانے کے باوجود بھی گائوں کو جا نے والے کوچے سے برف نہیں ہٹائی گئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں خاص کر سکولی بچے گھروں آنے جانے میں طرح طرح کی مشکلات کا سامنا کرتے ہیں ۔ سکولی بچوں نے بتایااس گائوں میں مواصلاتی نیٹ ورک نہیں ہے اگر کسی گائوں میں معمولی سگنل آتی ہے تو لوگ گھروں سے باہر جا کر مجبوری کی حالت میں بات کر سکتے ہیں جبکہ انٹرنیٹ سے ابھی لوگ نا واقف ہیں ۔ مقامی بزرگوں نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر پر ہم سے ووٹ حاصل کئے گئے لیکن کوئی بھی سہولیات گائوں میں موجود نہیں ہے ۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر پلوامہ سے فوری مداخلت کی اپیل ہے ۔