پوٹھہ میں ہینڈ پمپ نصب کئے گئے

نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے سرحدی دیہات پوٹھہ میں لوگوںکو درپیش پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے مختلف وارڈوں میں 3ہینڈ پمپ نصب کئے گئے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ سیری بلاک کی مذکورہ پنچایت میں لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید مشکلات کاسامنا کرناپڑرہا تھا جس کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں مذکورہ ہینڈ پمپ نصب کئے گئے ہیں ۔مکینوں نے راحت کی سانس لیتے ہوئے بتایا کہ عوام کو گزشتہ کئی برسوں سے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا تھا جبکہ علاقہ میں پانی کی سپلائی کا بندوبست کرنے کیلئے اس سے قبل کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے رجوع کیا گیا اور اب مذکورہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔ضلع ترقیاتی کونسل رکن سنگیتا شرما اور بلاک ڈیولپمنٹ کونسل رکن نیتا شرما نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے 9ہینڈ پمپ دئیے گئے ہیں جن کو نوشہرہ کے مختلف علاقوں میں نصب کیا جارہا ہے تاکہ عوامی مشکلات کو کم کیاجاسکے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پمپ نصب کرنے کے بعد مکینوں کو پانی کی سہولیات میسر ہو نگی۔