پونچھ//اگر چہ سرکار کی جانب سے ضلع ہسپتال پونچھ میں عوام کیلئے وینٹی لیٹر سہولیات دستیاب رکھی گیں ہیں مگر وینٹی لیٹر آپریٹر نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں روپیہ خرچ کر لائی گئی مشینیں غیر فعال اور زنگ آلودہ ہو گیں ہیں جس کی وجہ سے ضرورت مند مریضوں کو جموں کے ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ ضلع ہسپتال پونچھ میں دو برس قبل سرکار کی جانب سے 15 وینٹی لیٹرز نصب کئے گئے تھے تاکہ کوڈ 19 کے دوران لوگوں کی جانوں کا تحفظ کیا جا سکے مگر ان وینٹی لیٹرز کو چلانے والا ماہر ڈاکٹر ہی ہسپتال میں موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے گزشتہ دو برس سے وینٹی لیٹر غیر فعال اور زنگ آلودہ ہوگئے ہیں۔ ہسپتال میں وینٹی لیٹر مشینیں ہونے کے باوجود بھی ضرورت مند مریضوں کو جموں اور سرینگر کیساتھ ساتھ خطہ کے دیگر ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔محمد اشرف نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ان کے مریض کو گزشتہ دنوں وینٹی لیٹر کی ضروت تھی جس کی وجہ سے ڈاکٹروں نے انہیں جموں منتقل کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر سرکار کی جانب سے ہسپتال میں ان مشینوں کو نصب کیا گیا ہے تو مشینوں کے ساتھ ڈاکٹربھی تعینات کئے جانے چاہئے تھے لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع پونچھ کی عوام غریب ہے جو جموں اور سرینگر کے ہسپتالوں میں علاج کروانے کے قابل نہیں ہیںلیکن اس کے باوجود بھی مجبور میں وہ مذکورہ ہسپتالوں میں مریضوں کو لے جانے پر مجبور ہیں ۔میڈیکل سپر ناٹینڈنٹ ضلع ہسپتال پونچھ ڈاکٹر مشتاق نے بتایا کہ ہسپتال میں دو برس قبل 15وینٹی لیٹر نصب کئے گئے تھے لیکن ان کو چلانے کیلئے ماہر تعینات نہیں کیے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ مشینری کو چلانے کیلئے کم ازکم پانچ ملازمین کی اشد ضرورت ہے جبکہ اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ اعلیٰ حکام کو تحریری طورپر لکھا گیا ہے لیکن ابھی تک ملازمین کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی ۔
پونچھ ہسپتال میں وینٹی لیٹر آپریٹر موجود نہیں
