حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں بیتاڑ نالہ پل کے قریب اور دیگر ندی نالوں میں ہورہی غیر قانونی کان کنی پر عوام شدید برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔عوام نے غیر قانونی کان کنی کرنے والوں کو پکڑنے کیلئے کارروائی کرنے کا انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے۔ پونچھ کی معروف تنظیم سماج سیوا سوسائٹی کے چیئر مین یگل کشور شرما اور دیگران نے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی کان کنی سے جہاں لوگوں کی زمین کو نقصان پہنچ رہا ہے وہیں قیمتی جانوں کا زیاں بھی ہوتا ہے۔انہوں نے کہا بیتاڑ نالہ میں ہو رہی کان کنی کی وجہ سے لوگوں کی اراضی کو ازحد نقصان پہنچ رہا ہے۔انہوں نے کہا حال ہی میں ملحقہ زمینوں کو سیلاب سے بچانے کے لئے کریٹوں سے چاردیواری کی گئی ہے اس کا بھی کوئی خاص فائدہ نہیں ہو رہا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے کان کنی کے خلاف سخت کارروائی کی اپیل کی۔ موصوف نے کہا کہ اگرچہ پل کے اس پار پولیس چوکی ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ افسران بھی اس فعل میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کان کنی کے شواہد فراہم کرنے کے باوجود ڈی ایم او نے کوئی کارروائی نہیں کی۔انہوں نے کہا موصوف کو اس معاملے کو دیکھنے کیلئے پونچھ بیتاڑ نالہ کا دورہ بھی کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا بارشوں کے دوران افسران کو اس جانب خصوصی توجہ مرکوز کرنی چاہئے کیونکہ اس دوران زیادہ کان کنی کی جاتی ہے۔