پونچھ//پونچھ کے بنوت گائوںمیں پانی کا بحران پایاجارہاہے اور لو گوںنے بالآخر محکمہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا۔ حتجاج میں مردوزن نے شرکت کی اورانہوںنے خالی برتن بنوت پونچھ سڑک پر رکھ کر گاڑیوں کی آمدورفت بند کردی ۔ اس دوران انہوںنے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے پانی سپلائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے رکن چوہدری ولی محمد نے کہا کہ بنوت کے تمام محلہ جات میں عوام پانی کی بوند بوند کو ترساں ہیں، گائوں میں کوئی کنواں یا چشمہ بھی نہیں جہاں سے وہ اپنے استعمال کے لئے صاف پانی لاسکیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے انتظامیہ کی جانب سے گائوں کی عوام کے لئے پانی کے ٹینکر بھیجے جاتے تھے لیکن کچھ عرصے سے ٹینکروں کے ذریعہ بھی انہیں پانی سپلائی نہیںہورہا۔گائوں کی خواتین کا کہنا تھا کہ انہیں کئی کئی کلومیٹر دور جا کر گھر کے استعمال کے لئے اپنے سروں پر پانی ڈھو کر لاناپڑتا ہے جو بہت ہی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سارادن پانی کی تلاش میں سرگرداں رہتی ہیں ۔غلام دین نامی ایک شخص کاکہناہے کہ ضلع انتظامیہ پانی سپلائی کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے بحران نے انتظامیہ کی کارکردگی کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پورے گائوں کے لوگوں کو گھروں سے کئی کلو میٹر دورانسانوں اور جانوروں کے لئے ایک ہی گھاٹ سے مضر صحت پانی لاناپڑتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ریاستی حکومت گھر گھر پانی کی فراہمی کیلئے کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے تو دوسری جانب بنوت کے مکین آج کے جدید دور میں پانی جیسی بنیادی ضرورت زندگی سے محروم ہیں۔مقامی لوگوںکاکہناہے کہ پانی کا بحران ان کے بچوں کی پڑھائی پر بھی اثرانداز ہورہاہے کیونکہ صبح ہی بچوں کو سکول کے بجائے پانی لانے بھیجناپڑتاہے ۔انہوںنے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر پونچھ سے مداخلت کی اپیل کی ۔
پونچھ کے بنوت گائوں میں پانی کا بحران
