پونچھ کو سیاحتی مقام پر لانے کیلئے عملی بنیادوں پر اقدامات ضروری ضلع کے قدیم ورثے کی حفاظت اورصحیح طریقے سے دیکھ بھال کرنے کی مانگ

حسین محتشم

پونچھ،خ//مرکزی حکومت نے ہندوستان بھر میں مختلف سمارٹ شہروں کا اعلان کیا ہے جن میں سے بیشتر شہروں پر کام مکمل ہو گیا ہے اور لوگ دوسرے شناخت شدہ شہروں میں بھی پر امید ہیں۔ ضلع پونچھ کے سرحدی علاقے کے لوگ پونچھ کو سمارٹ سٹی کے طور پر نافذ کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت سے اس سرحدی ضلع پونچھ کو سمارٹ شہروں کی فہرست میں شامل کرنے کی اپیل کی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پونچھ ایک پہاڑی ضلع ہے جس میں کچھ نشیبی وادیاں ہیں۔ اسے سمارٹ سٹی کے نقشے پر لانے کے لئے مناسب دیکھ بھال اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا یہ شہر فطرت کے ذریعہ پہلے ہی اچھے طریقے سے برقرار ہے لیکن مناسب ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے۔ شہریوں نے کہا یہاں بہت سے تاریخی سیاحتی مقامات ہیں جن میں پونچھ قلعہ، شیش محل، موتی محل، باغ ڈیوڈی، ہوائی اڈہ، بگیالہ مسجد، شہر سے باہر ایک مشہور گرودوارہ ڈیرہ ننگالی صاحب، مشہور مزار بابا سائیں میران بخش اور اندر اور باہر بہت سے مندروں پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے پہلے بھی کئی بار مرکزی حکومت سے اس شہر کو اسمارٹ سٹی کی فہرست میں شامل کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے یہاں کے آثار قدیمہ کو کو بچانے کے لئے سرکاری اراضی پر ناجائز تجاوزات کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا ناجائز تجاوزات کو ہٹانے کے لئے دریا کے حدود کو بغیر کنسٹرکشن/ریڈ زون قرار دیا ہے۔ کئی سابقہ افسران نے بہت سارے احکامات اور نوٹسز جاری کئے ہیں جن میں انہوں نے کچھ علاقوں کو نو کنسٹرکشن زون قرار دیا ہے لیکن ایسے احکامات کے چند ہی دنوں کے بعد ان علاقوں پر دوبارہ تجاوزات کرنے والوں نے تعمیرات شروع کر دی ہیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ جو کہ حال ہی میں یہاں تعینات ہوئے ہیں سے اپیل کی یے کہ موصوف نے بطور ڈپٹی کمشنر راجوری اپنے دور میں وہاں اہم تبدیلیاں کی ہیں ان سے لوگوں کو بڑی توقعات ہیں کہ یہ افسر ضلع پونچھ کی ترقی کریں گے۔اس دوران معروف سماجی و سیاسی رہنما جناب جاوید ریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ پونچھ ایک چھوٹا شہر/قصبہ ہے اور امید ہے کہ ڈپٹی کمشنر پونچھ شہر کے مستقبل کو بدلیں گے۔