پونچھ کا مہار کوٹ گاؤں ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے محروم | رابطہ سڑک تعمیر نہیں ،لوگ مریضوں کو کندھوں پر ہسپتال منتقل کرنے پر مجبور

پونچھ//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کا دور دراز گائوں مہار کوٹ وسیع آبادی پر مشتمل ہونے کے باوجود لگ بھگ ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ اس علاقہ کے لوگ اگر بیمار پڑ جائیں تو دور دراز شہر تک پہنچنا اہل خانہ و گائوں والوں کیلئے انتہائی مشکل ہو جاتا ہے ۔لوگوں نے بتایا کہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں بالخصوص حاملہ خواتین کو ہسپتال منتقل کرنے میں جہاں کئی افراد درکار ہوتے ہیں وہائیں کندھوں پر اٹھا کر کئی گھنٹوں کی مسافت بھی طے کرنا پڑتی ہے ۔اس کے علاوہ تعلیم و صحت کی سہولیات میسر نہیں۔ مقامی لوگوں نے کہاکہ ایک طرف موجودہ حکومت گھر گھر سڑک کی سہولیات پہنچانے کے بلندبانگ دعوے کر رہی ہے دوسری جانب ان کا گائوں کی عوام ترقیاتی دور میں بھی قدیم طرز زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ آج بھی کئی کلومیٹر پیدل چلتے ہیں اور ہر روز آنے جانے میں ان کو کئی طرح کی تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔گاؤں کی خواتین نے کہا کہ ان کے گاؤں میں پانی دور دراز علاقوں میں انہیں گھر کے استعمال کیلئے پانی لانے میں کئی طرح کی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ گھر کے لئے دو یا ڈھائی کلومیٹر دور سے پانی لانا ان کے لئے مشکل ترین کام بن جاتا ہے۔ گائوں لے لوگوں نے سب سے پہلے گاؤں کے لئے سڑک رابطہ قائم کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک وہاں سڑک رابطہ نہ ہو گا تو وہ دیگر سہولیات سے بھی محروم رہیں گے۔