پونچھ میں 2سڑک حادثے 16سالہ نوجوان کی موت،2زخمی

پونچھ//پونچھ ضلع میں پیش آئے دو الگ الگ سڑک حادثوں میں ایک نوجوان کی مو ت جبکہ دیگر دو زخمی ہوگئے ۔پونچھ کے گائوں بھینچ میں جموں پونچھ قومی شاہراہ پرجمعہ کی صبح ایک دلدوز سڑک حادثے میں16سالہ نوجوان کی موت واقع ہوئی۔اس سلسلہ میں ملی اطلاع کے مطابق جمعہ کی صبح موٹر سائیکل اور ویڈیوں کوچ کی ٹکر ہوگئی جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سڑک سے نیچے ایک گہری کھائی میں جا گرا اور موٹر سائیکل سوار جس کی شناخت شاہد احمد ولد محمد یونس ساکن بھینچ کی گئی ہے بری طرح زخمی ہوگیا۔ اس نوجوان کو فوری طور ضلع ہسپتال پونچھ پہنچایاگیا جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی علاج معالجہ کے بعد اسے جموں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ جموں جانے کی تیاری ہی کی جاریہ تھی کہ نوجوان زخموں کی تاب نہ لاکر موت کا شکار بن بیٹھا ۔عینی شاہدین کے مطابق ویڈیو کوچ جموں جارہی تھی دوسری جانب سے موٹر سائیکل آتے ہوئے اس سے ٹکرا گیا جس کے نیتجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید کارروائیاں شروع کی ہیں۔ضلع کے سپورٹس سٹیڈیم کے نزدیک موٹرسائیکل اور میجک کے مابین ہوئے تصادم کے دوران دو افراد زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کی شناخت لعل حسین ولد عبدالرحیم سکنہ ہاڑی  بڈھا اور شوکت حسین ولد عبدالراحمان سکنہ ہاڑی بڈھا کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔