پونچھ میں گولہ باری جاری،کم عمرپاکستانی لڑکا گرفتار

پونچھ+مینڈھر//پونچھ میں ہند وپاک افوج کے درمیان مسلسل دوسرے روز بھی گولہ باری کا تبادلہ جاری رہاجبکہ فوج نے بالاکوٹ سے پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے ایک 14سالہ لڑکے کو سرحد عبور کرنے کی پاداش میں گرفتار کرلیا۔دفاعی ترجمان کے مطابق اتوار کو پونچھ کے کھڑی کرماڑا اور دیگوار سیکٹر میں گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔ پاکستانی فوج نے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس دوران دونوں اطراف سے درمیانہ درجے کے ہتھیاروں کا استعمال بھی کیاگیا۔گولہ باری کا یہ سلسلہ دوپہر تک جاری رہا ۔دریں اثناء سرحدی علاقہ بالاکوٹ میںپاکستانی علاقہ کنڈی نکیال سے وابستہ ایک نوجوان سرحد عبور کرتے ہوئے پکڑا گیا،جس کی شناخت محمد زاہد ولد محمد عارف عمر14سال کے طور پر ہوئی ہے ۔ ذرائع کاکہناہے کہ وہ ذہنی طور پر مریض لگتاہے ۔فوج نے اسے مقامی پولیس کی تحویل میں دے دیاہے جس سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے ۔ اس سلسلے میں ایک کیس بھی درج کیاگیاہے ۔