پونچھ میں گروگوبند سنگھ کے354ویں یوم پیدائش پر تقریب

پونچھ// سکھوں کے دسویں گرو گرو گوبند سنگھ جی مہاراج کے 354 ویں یوم پیدائش( پرکاش پرور )پرگردوارہ پربندھک کمیٹی پونچھ کے زیر اہتمام گردوارہ سنگھ سبھا پونچھ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں ضلع بھر سے عقیدتمندوں نے شرکت کی ۔اس تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ گروگوبند سنگھ جی نے سماج میں محبت وبھائی چارہ اور اتحاد کا پیغام دیا ہے، سب کو مل جل کر بھائی چارہ کے ساتھ رہنا چاہئے، ایک دوسرے کے تئیں عزت واحترام کا جذبہ رکھنا چاہئے۔انہوں نے کہا ہم سب کی دعا ہے کہ گروگووندسنگھ جی مہاراج کا آشرواد دنیا کو ہمیشہ ملتا رہے ہم سب پر ہمیشہ ان کی کرپا بنی رہے۔اس تقریب کے دوران مقامی راگھی جتھوں کی جانب سے کرتن بھی کیاگیا۔تقریب میں ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ راہول یادو، ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال کے علاوہ تمام مذہبی راہنمائوں نے شرکت کر کے اپنی روایت کو برقرار رکھا۔اس دوران احاطہ صاحب پونچھ میں لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں لوگوں نے کھانا تناول فرمایا۔