پونچھ میں کینڈل مارچ نکالاگیا،مرفاد شاہ کی ہلاکت کی تحقیقات کا مطالبہ

 
پونچھ//جموں کے بٹھنڈی علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے مینڈھر کے نوجوان مرفاد شاہ کی یاد میں غیر سرکاری تنظیم یشن کی جانب سے گزشتہ شب کینڈل مارچ ریلی نکالی گئی جس میں پونچھ قصبہ کے بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔اس دوران کینڈل مارچ میں شامل لوگوں نے ہاتھوں میں شمع روشن کر کے جہاں مرحوم نوجوان کو خراج پیش کیا وہی انہوں نے اس نوجوان کی موت کو سوچی سمجھی چال سے تعبیرکیا۔انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر میں ایک منصوبہ کے تحت نوجوانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے جس پر اب قدغن لگنا ضروری ہو گیا ہے۔یشن کے چیئرمین امتیاز احمد سلاریہ نے کہا کہ اس نوجوان کے قتل کو غلط رنگ دی کر گنہگاروں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کسی بھی صورت میں نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ خطہ پیر پنچال کی عوام امن پسند ہے جس کا غلط فائدہ کسی کو بھی نہیں اٹھانے دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کو دن دہاڑے قتل کیا جاتا ہے اور ابھی تک قاتلوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ پانچ بہنو ںکا اکیلا بھائی مارا گیا جس کا خون ضرور رنگ لائے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سلسلہ میں ایک ٹیم تشکیل دے کر کارروائی کروائی جائے اور سی سی ٹی وی کیمروں میں سارے واقع کی نشاندہی کی جائے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر اس سلسلہ میں کچھ نہ کیا گیا تو ریاست کے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔دریں اثناء احساس فائونڈیشن پونچھ کے چیئر مین پرویز احمد آفریدی نے بھی مرفاد شاہ کے قتل پر انتظامیہ کی طرف سے خاموشی اختیار کئے جانے کی مذمت کی اور کہاکہ اس سپاہی کو گولی ماردی جانی چاہئے جس نے ایک بے گناہ نوجوان کاقتل کیاہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک گیٹ کے ساتھ ٹکر ہونے کے بعد نوجوان یہ دیکھنے کے لئے اترتا ہے کہ فاروق عبداللہ کے گیٹ کو کوئی نقصان تو نہیں ہوا تو وہاں موجود سپاہی اسے گولی ماردیتے ہیں ۔انہوںنے گول واقعہ پر بھی افسوس ظاہر کرتے ہوئے دونوں معاملات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرواکے ملوثین کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
 
 

بٹھنڈی واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ 

پونچھ//جموں و کشمیر انصاف مومنٹ نے بٹھنڈی واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے مرفاد شاہ کے قاتلوں کو سزا دینے کی مانگ کی ہے ۔تنظیم نے سماجی کارکن طالب حسین کی رہائی کی مانگ کی۔ پونچھ میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے کارکنا ن نے کہاکہ رسانہ قتل کیس میں متاثرین کی حمایت کرنے والے طالب حسین کو ساز ش کے تحت پھنسایاگیاہے اور اسے خواہ مخواہ پریشان کیاجارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ مرفاد کے گھر والوں کو انصاف دلایاجائے جسے دن دہاڑے سیکورٹی فورسز نے گولی مار کر قتل کردیا۔ ان کاکہناتھاکہ ایسے واقعات ریاست کے مستقبل کیلئے تباہ کن ہیں اور اس سے عوام کا اعتماد اٹھ جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ بٹھنڈی واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے متاثرین کو انصاف دلایاجائے ۔اس موقعہ پر تنظیم کے صدر جاوید ریشی ،نائب صدر عبدالرشید شاہ پوری ، ضلع سیکریٹری اعجازکٹاریہ ، محمد رشید ، مولوی رشید ، لقمان مغل وغیرہ بھی موجو دتھے ۔