پونچھ میں چوبیس گھنٹوں تک بجلی سپلائی بند رہی | سپلائی متاثر ہونے سے صارفین کو پریشانی کا سامنا

عشرت حسین بٹ

پونچھ//ضلع پونچھ میں چوبیس گھنٹوں تک بجلی کی سپلائی بند رہی جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس شدید گرمی کی وجہ سے عوام پریشان رہی بتا دیں کہ جمعہ کو دوپہر تین بجے سے سنیچر تین بجے تک پورے ضلع پونچھ میں بجلی کی سپلائی بند رہی اور اس وجہ سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا رہا ۔اگر چہ سنیچر کو تین بجے ایک مرتبہ پھر چوبیس گھنٹوں کے بعد عوام کو بجلی فراہم کی گئی مگر اس کے بعد بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی ۔ادھر محکمہ پی ڈی ڈی کے ایگز یکٹوانجینئر پونچھ آفتاب احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ بجلی کی سپلائی جموں گریڈ سٹیشن میں ایک اہم ٹرانسفر جل جانے جبکہ سسٹم میں جموں سے ہی کچھ تکنیکی خرابی پیش آنے کی وجہ سے متاثر ہوئی جسے بعد ازاں ٹھیک کرنے کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے اکھنور راجوری ضلع کے کچھ علاقے بھی متاثر رہے ۔موصوف کا کہنا تھا کہ محکمہ کی جانب سے ؎ٹیم کو جموں میں کام پہ لگایا گیا ہے ان کا کہنا تھا اگر چہ بجلی کو کسی حد تک ٹھیک کیا گیا ہے مگر کام ابھی بھی جاری ہے ۔عوام کا کہنا تھا کہ سنیچر کو اگرچہ بجلی کو محکمہ کی جانب سے رسٹور کیا گیا ہے مگر اس کے بعد بھی بجلی کے آنے جانے کا سلسلہ جاری ہے ۔محمد اشرف نامی ایک مقامی شخص نے اس حوالے سے کہا کہ بجلی میں تکنیکی خرابی ہوجاتی ہے لیکن اس سے قبل بھی عوام کو بھرپور بجلی مہیا نہیں کی جارہی ہے جبکہ محکمہ کی جانب سے صارفین کو بجلی کے اضافی بل ارسال کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کو چاہیے کہ وہ میٹر کے حساب سے صارفین کو بل بھجیں تاکہ غریب لوگ میٹر کے حساب سے ہی بل ادا کریں۔