پونچھ میں پینے کے صاف پانی کی قلت | لوگوں کو مصیبت کا سامنا ،محکمہ ٹس سے مس نہیں

حسین محتشم
پونچھ//پونچھ کے تمام محلہ جات میں پانی کی شدید قلت محسوس کی جارہی ہے جس کو لے کر عوام متعلقہ محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔پیپلز فورم پونچھ کے صدر ایڈوکیٹ سنجے رینہ نے پی ایچ ای محکمہ پونچھ کی زمینی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قصبہ میں جگہ جگہ پانی کے پائپوں کی خستہ حالت ہے جن سے پانی اکثر بہہ کر ضائع ہو جاتاہے۔انہوں نے کہا کہ ٹوٹی ہوئی پائپ لائنوں سے پانی آلودہ ہو جاتا ہے وہی پانی لوگوں کے گھروں میں پہنچتا ہے جو ان کو مجبور پینا پڑتا ہے اور یہ کبھی بھی عوام کی صحت کیلئے متاثر رخ اختیار کر سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پونچھ شہر میں جو پانی کے بڑیٹینک بنائے گئے ہیں ان میں اکثر بغیر چھت کے ہیں اور چھت نہ ہونے کی وجہ سے کئی بار ان میں مرے ہوئے پرندے ڈوبے ہوئے ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں متعدد غیر قانونی کنکشن کو بھی پانی کی سپلائی مل رہی ہے۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ اور ڈی سی پونچھ سے اپیل کی ہے کہ وہ لوگوں کیلئے مناسب اور غیر آلودہ پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ راینہ نے کہا کہ آنے والے وقت میں وبا کے پھیلنے کا خدشہ موجود ہے اس لئے ضروری ہے کہ شہر کی تمام خستہ حال پائپ لائنز کو ٹھیک کیا جائے اور جہاں جہاں ٹینک بغیر چھت کے ہیں ان پر چھت ڈالی جائے تمام ٹینکوں کی صفائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ ان کی باتوں کا نوٹس لے کر کارروائی کریں گے۔