پونچھ میں ٹریفک حکام کی کارروائی

حسین محتشم
پونچھ//ٹریفک پولیس نے اعلی افسران کے احکامات کی پاسداری اور ان پر عملدرآمد کیلئے ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ کے بنا چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کی کارروائی کر کے ان سے بھاری جرمانہ وصول کئے۔ ٹریفک پولیس کی طرف سے مختلف مقامات پر ناکے لگا کر شہریوں کو بھرپور آگاہی دینے کیساتھ ساتھ ان سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ حادثات سے بچاؤ مہم میں مثبت کردار ادا کریں۔ضلع ٹریفک انسپکٹر شوکت امین خان نے بتایا کہ اس کارروائی کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین کا پابند کرنا ہے۔انہوں نے بتایاکہ شہری اپنی جان کی حفاظت کیلئے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کریں۔انہوں نے کہا کہ ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ کے بنا چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع پونچھ میں روزانہ کئی قیمتی جانیں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر خطرناک حادثات کی نذر ہو جاتی ہیں۔ہمیں ٹریفک قوانین پر ہر قیمت پر عملدرآمد کر کے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دینا چاہئے۔دنیا کی تمام مہذب قوموں نے اپنے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کر کے قانون پسندمعاشرے کی بنیاد رکھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہم چلانے کامقصد شہریوں کے اندر ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد کیلئے احساسِ ذمہ داری پیدا کرنا ہے۔