پونچھ میں ’ممکن ‘سکیم کے تحت 8نوجوانوں کو کمرشل گاڑیاں سونپی گئی

پونچھ// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت نے ممکن سکیم کے تحت آٹھ نوجوانوں کو کمرشل گاڑیاں سونپیں۔امیدواروں کو پہلے ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ضلع سطح پر عملدرآمد کمیٹی نے اس سکیم کیلئے منظوری دی تھی۔ منتخب امیدواروں نے ڈاک بنگلو پونچھ میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنی گاڑیاں وصول کیں ، گاڑیوں میں اشوکالیلینڈ دوست گاڑی جس کی قیمت تقریبا 7 لاکھ 76ہزار روپے اور مہندرا بولرو پک اپ جس کی قیمت تقریبا8 لاکھ58ہزار روپئے ہے شامل تھی۔امیدواروں کو گاڑی کی مینوفیکچرنگ کمپنی اور مشن یوتھ کی طرف سے 10فیصد سب سڈی دی گئی اس کے علاوہ جموں کشمیر بینک سے بقیہ لاگت کیلئے مدھرا پیٹرن قرضہ دیا گیا ۔ منتخب امیدواروں کو قرض پر گاڑی خریدنے کیلئے بینک کو کوئی گارنٹی اور مارجن منی دینے کی ضرورت نہیں پڑی۔امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ یہ عمل جاری رکھا جائے گا اور مزید نوجوانوں کو قرض کیلئے منتخب کیا جائے گا۔ انہوں نے بے روزگار نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی روزی کمانے کیلئے حکومت کی ایسی نئی روزگار سکیموں سے استفادہ کریں۔اس موقع پر اضافی ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ عبدالستار ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر روزگار سید عابد حسین شاہ ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر ، لیڈ بینک کے نمائندے اور صنعت کاروں کے نمائندے موجود تھے۔