راجوری//سرحدی ضلع پونچھ میں سیکورٹی فورسز نے ایک مشتبہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس (آئی ای ڈی) کوکنٹرول دھماکے کے ذریعے تباہ کر دیا ہے جبکہ اس کے ساتھ برآمد ہونے والی کچھ تاریں اور دیگر متعلقہ مواد کو مزید تحقیقات کے سلسلہ میں ضبط کر لیا گیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پونچھ کے شندارا گاؤں کے جنگل میں فوج اور پولیس کے ذریعہ شروع کئے گئے آپریشن کے دوران جنگل میں ایک بیگ پڑا ہوا ملا جس کے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ باز یاب ہوئے بیگ میں سے ایک آئی ای ڈی قسم کا مواد ملا جس میں تاروں، ڈیٹونیٹرز جیسے متعلقہ اجزاء شامل تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی ای ڈی جیسا مواد اب فوج کے بم اسکواڈ نے جائے وقوعہ پرکئے گئے ایک کنٹرول دھماکے کے ذریعے تباہ کر دیا ہے جبکہ تاریں و دیگر منسلک مواد کو مزید تحقیقات کے سلسلہ میں ضبط بھی کرلیا گیاہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ برآمد شدہ مواد تھوڑا پرانا ہے لیکن اچھی طرح سے استعمال کے قابل تھا اور اس کی بروقت بازیابی نے مستقبل میں ممکنہ عسکریت پسندی کی کارروائی کو ٹال دیا ہے۔
پونچھ میں مشتبہ آئی ای ڈی تباہ، تار سمیت دیگر مواد ضبط کیا گیا
