پونچھ میں محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کا احتجاج

پونچھ//پونچھ کے صدر مقام پر محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جہاں مظاہرین نے جلد از جلد ان کی ملازمت مستقل کرنے اور مینیمم ویجز لاگو کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ حال ہی میں مرکزی وزیر امت شاہ نے جموں کشمیر کے دورہ کے دوران ان سے وعدہ کیا تھا کہ ان کے مطالبات پورے کئے جائیں گے لیکن یہاں سے جانے کے بعد انہوں نے بھی کوئی قدم نہیں اٹھائے جس سے ان ملازمین کو راحت ملتی۔ آل جموں وکشمیر  پی ڈی پی کیجول لیبرس ایسوسی ایشن پونچھ کے ضلع صدر چودری فاروق پونچھی، نائب صدرگلریز احمد منہاس اور عارف حسین شاہ نے مینیمم ویجز اکٹ لاگو کرنے ،تمام عارضی ملازمین کو مستقل کرنے، بقایا تنخواہیں واگزار کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو وہ سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرنے پر مجبورہوجائیں گے۔عارضی ملازمین کا کہنا تھا کہ کئی برس تک بجلی محکمہ میں کام کرنے کے باوجود انہیں آج تک مستقل نہیں کیا گیا۔ متعدد دفعہ انتظامیہ کی جانب ان کی ملازمت کو مستقل کئے جانے کی یقین دہانی کرائی گئی تاہم اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں کی گئی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ محکمہ بجلی کی جانب سے 2019 میں ملازمین کی ڈی پی سی(ڈپارٹمنٹل پرموشن کمیٹی) کا اعلان کیا گیا تھا لیکن آج تک ان کے آرڈرس کو زمینی سطح پر نافذ نہیں کیا گیا۔ اس دوران محکمہ میں کام کرنے والے عارضی ملازمین کی جانیں بھی گئیں، جبکہ کچھ لوگ جسمانی طور پر معذور بھی ہو گئے ہیں، لیکن ابھی تک انہیں انصاف سے محروم رکھا گیا ہے۔