پونچھ میں قومی لوک عدالت کا قیام

پونچھ// ضلع کورٹ کمپلیکس میں ایک قومی لوک عدالت کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج پونچھ اشوک کمار شون نے کی۔اس لوک عدالت  کے دوران چار بنچ قائم کئے گئے تھے پہلا بنچ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج پونچھ اشوک کمار شون کی قیادت میں، دوسرا بنچ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ مدن لعل اور سکریٹری وجاہت کاظمی کی ، تیسرا سرفراز نواز سپیشل موبائیل مجسٹریٹ اور چوتھا شفیق احمد ملک ٹریفک جج کی قیادت میں قائم کیا گیا جن پر مختلف نوعیت کے معاملات سنوائی کیلئے لائے گئے۔اس موقعہ پر وہاں موجود فریقین پر زور دیا کہ وہ عدالتوں کی عذر داریوں میں پڑنے کے بجائے آپسی افہام و تفہیم کے ذریعے اپنے معاملات کو نمٹائیں۔ قومی لوک عدالت کے دوران افہام و تفہیم کے ذریعے اور آپسی رضا مندی کے ذریعے کئی کیس حل کئے گئے ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرک اینڈ شیشنز جج پونچھ نے کہا کہ اس لوک عدالت کا اہتمام ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی کیا گیا جس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ معاملات کو موقع پر ہی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ لوک عدالت کا خاصا یہ ہے کہ معاملات کو تیز تر بنیادوں پر حل کیا جاتا ہے اور اس میں قانونی داوپیچ سے نہیں گزرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملات کے فریقین براہ راست اپنے وکیل کے ذریعے سے جج کے ساتھ استفسار کر سکتے ہیں جو معمول کی عدالتوں کے ذریعے ممکن نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ لوک عدالتوں کا احترام فریقین پر لازمی ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوک عدالتوں کی بدولت لوگوں تک انصاف کی تیز تر فراہمی بھی ممکن ہو جاتی ہے۔