پونچھ میں سرحد پار فائرنگ، 4 شہری زخمی

 جموں// ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوج کی سرحدی دیہات پر مارٹروں اور خودکار ہتھیاروں سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت چار عام شہری زخمی ہوگئے ۔ وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے بتایا ’پاکستانی فوج نے گذشتہ رات دیر گئے پونچھ سیکٹر میں ایل او سی پر ہلکے و خودکار ہتھیاروں، 82 ایم ایم اور 120 ایم ایم مارٹروں سے شدید اور اندھا دھند فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا‘۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ پونچھ سیکٹر میں فائرنگ کا سلسلہ رک گیا ، تاہم پاکستانی فوج نے ایل او سی کے کرشنا گاٹھی سیکٹر میںسنیچر کی صبح نو بجکر 20 منٹ پر ہلکے و خودکار ہتھیاروں، 82 ایم ایم اور 120 ایم ایم مارٹر سے فائرنگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے منجاکوٹ، مینڈھر اور شاہ پور قصبہ میں سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت چار عام شہری زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمی خاتون کی شناخت شاہناز بیگم کے بطور کی گئی ہے جس کو علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پونچھ سیکٹر میں گذشتہ روز پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں جنرل ریزرو انجینئرنگ فورس (جی آر ای ایف) سے وابستہ دو مزدور ہلاک ہوگئے۔ادھر پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لائن آف کنٹرول کے سیکٹر تتہ پانی پر بھارتی سیکیورٹی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ کی۔بھارتی سیکورٹی فورسز کی فائرنگ کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا جس کے نتیجے میں 5 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کے متعدد بنکرز بھی تباہ ہوئے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول کے نیزہ پیر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔قبل ازیں جمعرات کو بھی لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے تھے۔