پونچھ میں خاتون اور 5سالہ بچی3روزسے لاپتہ

حسین محتشم

 

پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ کے ننگالی صاحب سائیں بابا بلاک کے گائوں سرل سے ایک خاتون اورایک پانچ سالہ بچی گزشتہ تین روز سے لاپتہ ہے ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ ذوالفقار احمد سکنہ سرل نامی شخص نے مہاراشٹر پونہ کی مسکان سے شادی کی ہے۔ ذوالفقار احمد کے مطابق وہ پْونہ میںسیکورٹی گارڈ کی نوکری کرنے گیا تھا جہاں وہ مسکان کے ساتھ شادی کر کے اسے یہاں لایا تھا۔اس نے بتایا کہ اس کی شادی لڑکی کے اہلِ خانہ اور لڑکی کی رضامندی سے ہوئی تھی، پچھلے پانچ ماہ سے وہ سرل گاوں میں راضی خوشی رہ رہے تھے۔

 

 

اس نے بتایا کہ اتوار کے روز صبح سائیں بابا میراں بخش رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر ایک چھوٹی پانچ سالہ بچی کو لیکر گئی تھی لیکن اب تک گھر نہیں لوٹی جس کے بعد انہوں نے پولیس اسٹیشن پونچھ میں اسکی گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کروائی تھی لیکن ابھی تک کوئی سراغ نہیں ملا۔اس شخص نے بتایا کہ اس کی بیوی اسکی چچا زاد بہن کو اپنے ساتھ لے گئی ہے اور گھر سے نقدی بیس ہزار روپے بھی غائب ہے۔انہوں نے بتایا کہ بچی کے والدین تین دن سے اس چھوٹی بچی کے لئے پریشان ہیں۔انہوں نے ضلع انتظامیہ بالخصوص پولیس سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد سے جلد اس کی جانب تلاش کریں۔