پونچھ میں حد متارکہ پر گولہ باری سے شہری زخمی

جموں// جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر ہفتہ کی علی الصبح  ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہوا ہے۔مضروب شہری کی شناخت محمد رفیق ساکن ملک پور مینڈھر کے بطور ہوئی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں ایل او سی پر ہفتہ کی علی الصبح پاکستانی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں محمد رفیق نامی ایک شہری زخمی ہوا۔ انہوں نے بتا یا کہ مضروب شہری کو فوری علاج ومعالجے کے لئے سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا۔دریں اثنا ایس ایچ او مینڈھر طاہر یوسف خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر محمد رفیق صبح قریب چار بجے اپنے گھر کے باہر نماز فجر کی ادائیگی کے لئے وضو کررہا تھا جب گولی اس کے ران میں پیوست ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی میڈیکل افسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز خان ایمبولنس سمیت جائے واردات پہنچے اور زخمی شہری کو ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم ہے۔موصوف ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔