پونچھ میں جنگجوئوں کی کمین گاہ تباہ

پونچھ//پونچھ میں بی ایس ایف نے عسکریت پسندوں کے ایک خفیہ ٹھکانے کا پتہ لگاکر وہاں سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ادھر  ہیرانگر سیکٹر میں اب تک کی سب سے لمبی ٹنل کا پتہ لگایا ہے ۔ رواں موسم میں یہ تیسری ایسی ٹنل ہے جس کے بارے میں پتہ لگایا جاچکا ہے ۔ سنیچر کے روز پونچھ کے منڈی علاقے میں ایک تلاشی آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں کی ایک کمین گاہ سے ہتھیار برآمد کرلیا گیا ۔ پونچھ کے منڈی علاقے کے ہاری گڈا گاؤں کے نزدیک جنگلات کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران جنگجوؤں کی ایک کمین گاہ کا پتہ لگایا گیا جہاں اسلحہ و گولہ بارود چھپایا گیا تھا ،جس کو ضبط کیا گیا۔ضبط شدہ اسلحہ میں ایک اے کے رائفل،تین اے کے میگزین،82گولیاں،تین چینی ساخت کے پستول،پانچ پستول میگزین،33پستول گولیاں،چار گرینیڈ، ایک یو بی جی ایل گرینیڈ اور ایک ریڈیو سیٹ کے علاوہ کئی اہم دستاویزات، نقشہ اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔ ادھر سرحدی حفاظتی فورس نے ہیرانگر سیکٹر میں ایک اور زمین دوز ٹنل کا پتہ لگانے کا دعویٰ کیا ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ پانسر کے اگلے علاقے میں 25سے 30فٹ گہری سرنگ برآمد کرلی ہے جو کہ اب تک دریافت سرنگوں میں سے سب سے لمبی ٹنل ہے ۔ حکام نے بتایا ہے کہ اس ٹنل کو بھی پاکستانی کی جانب سے دراندازی کیلئے تیار کی گئی تھی۔