پونچھ میں بین الاقوامی یوم گوجر منایا گیا

پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ کے کرشن چندر پارک میں بین الاقوامی یوم گوجر نہایت ہی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔اس روز سیری مستان ویلفیئر ٹرائبل فائونڈیشن کے بینر تلے ایک رنگا رنگ پروگرام منعقد ہوا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈی ڈی سی چیئر پرسن پونچھ تعظیم اختر نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر ڈی ڈی سی ممبران، بی ڈی سی ممبران، پنچ اور سرپنچوں کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ گوجر برادری سے منسلک سینکڑوں افراد موجود رہے۔اس موقع پر پونچھ کے معروف شعرائے کرام نے گوجری شاعری پیش کی جبکہ نوجوانوں کی جانب سے تمندنی پروگرام پیش کئے گئے۔ مقررین نے اس موقعہ پر اپنے خطاب کرتے ہوئے گوجر برادری کے رسومات،تمدن ،ثقافت اور باہمی تعاون کو اُجا گر کیا۔انہوں نے صدیوں پْرانے گوجر ثقافت پرعمل کرنے اور اسے اپنی عادت بنانے پر زور دیا۔ سیری مستان ویلفیئر ٹرائبل فائونڈیشن کے چیئرمین اسد نعمانی نے عوام کو اس دن کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گوجر ثقافت اور رسومات سے مراد روز مرہ زندگی اور خوشحالی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیںہر ایک مذہب کا احترام کرنا چاہے اور ملک خصوصاً ریاست میںآپسی روا داری کو برقرار رکھنے کے لئے کام کرنا چاہے۔