پونچھ میں بجلی چوری کیخلاف محکمہ کی کارروائی

پونچھ//درجہ حرارت میں کمی کے باعث بجلی کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے اورچوری سے بجلی کے استعمال سے ٹرانسفارمر بند پڑنے کے تناسب میں بھی اضافہ ہوا۔ بجلی چوری پر قابو پانے کے لئے محکمہ بجلی کی جانب سے پونچھ بجلی چوری کے خلاف جارحانہ مہم چلائی۔ اس مہم کے تحت پونچھ قصبہ کے مختلف محلہ جات میں ایگزیکٹو انجینئر پونچھ ارشاد حسین کی ہدایت پر اے ای ای محمد افضل نے دیگر افسروں اور ملازموں کے ہمراہ بجلی کا غیر قانونی استعمال کرنے والے کئی افراد خلاف بجلی ایکٹ کے تحت کارروائی کی۔ بجلی چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کی گئی کاروائی کے دوران محکمہ کے افسروں نے غیر قانونی طور پر ہیٹر ، بائیلر اور دیگر استعمال کی جا رہی الیکٹرانک اشیاء کو ضبط کیا اور ان کے خلاف قانونی کاروائی کی گئی۔بجلی محکمہ کے افسران نے بجلی کا ناجائز استعمال کرنے والے صارفین کو انتباہ دیا کہ اگر انہوں نے بجلی کے ناجائز استعمال پرروک نہ لگائی تو ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔انہوں نے بجلی کے بقایا بل فوری جمع کروانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر جلد بل جمع نہیں کروائے گئے توانکے کنکشن کو بھی کاٹ دیا جائے گا۔اس سلسلہ میں محکمہ کے اے ای ای محمد افضل نے کہا کہ پونچھ میں بجلی کی چوری کی وجہ سے غیر اعلانیہ کٹ ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے مستقبل میں بجلی کی چوری کرنے والوں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
 
 
 

بغیر بجلی لگائے 1لاکھ سے زائد کا بل ارسال  | ملوث ملازمین کیخلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں محکمہ بجلی کی لاپرواہی کی وجہ سے محمد تسیم ولد فضل حسین نامی شخص سکنہ اڑی کا ایک لاکھ روپے سے زاید کا بجلی بل گھر ارسال کیا گیا ہے تاہم مذکورہ شخص کے گھر آج تک بجلی لگائی ہی نہیں گئی ۔مذکورہ شخص نے بتایا کہ اس کا رہائشی مکان کچا ہے جبکہ اس نے آج تک بجلی جیسی سہولیت لگائی ہی نہیں ہے لیکن محکمہ کے ملازمین کی جانب سے گزشتہ کچھ عرصہ سے اس کے گھر میں بجلی کا بل ارسال کیا جارہا ہے ۔غریب شخص نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے گزشتہ 10برسوں سے بجلی کا بل بغیر کنکشن کے اس کے گھر میں بھیجا جارہا ہے لیکن تب سے ہی وہ مذکورہ بل کو ختم کرنے کیلئے محکمہ کے دفتر کے چکر کاٹ رہا ہے لیکن ملازمین وآفیسران کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بجلی کی سپلائی کیلئے بھی ان کے رہائشی مکان کے قریب کوئی بجلیکے کھمبے نصب نہیں کئے گئے ہیں اور نہ ہی انہوں نے اپنے گھر میں سپلائی لگائو ئی ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود بھی متعلقہ محکمہ کی جانب سے ان کو کنکشن کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں کہ وہ زمینی صورتحال کا جائزہ لے کر اس کنکشن و بل کو ختم کرئے جبکہ ملوث ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔