پونچھ//پونچھ ضلع میں حدمتارکہ پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی فوج کی فائرنگ سے ایک ہی کنبے کے تین افراد ہلاک اورایک زخمی ہوگیا۔حکام کے مطابق جمعہ رات نو بجے کے قریب پاکستانی فوج نے حدمتارکہ پر پونچھ سیکٹر میں شدیدگولہ باری شروع کی اور حدمتارکہ کے قریب نصف درجن دیہات کو نشانہ بنایا۔حکام کے مطابق پاکستانی فوج کی گولہ باری سے ایک ہی کنبے کے تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ چوتھا شدیدزخمی ہوگیا۔مہلوکین میں 58برس کامحمد رفیق،اُس کی اہلیہ رافعہ بی بی اور15برس کا بیٹاعرفان رفیق شامل ہے جبکہ چوتھے شدیدزخمی کی شناخت نہیں ہوئی ہے ۔ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال کے مطابق اس گولہ باری میں بدقسمتی سے تین لوگ مارے گئے جبکہ ایک شدیدزخمی ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ علاقہ میں رُک رُک سے گولہ باری جاری تھی۔