اشتیاق ملک+عشرت حسین
ڈوڈہ+پونچھ //ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن عسر کے دائرے اختیار میں آنے والے علاقہ شیو گڑھ میں ملی ٹینٹوں و سیکورٹی فورسز کے درمیان ہوئی مسلح جھڑپ میں اب تک ایک آرمی افسر جاں بحق و ایک ملی ٹینٹ مارا گیا ہے جبکہ ایک عام شہری بھی زخمی ہوا ہے تاہم آپریشن تاہنوز جاری ہے۔اس دوران ایک M4 کاربائن، 1اے کے 47 و تین بیگ برآمد کئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق منگل کی شام مصدقہ اطلاع ملنے پر راشٹریہ رائفلز و جموں و کشمیر پولیس نے عسر تھانہ کے دائرے اختیار میں آنے والے دور دراز علاقہ شیو گڑھ کے مضافاتی جنگلات کا گھیراؤ کیا اور جنگل میں چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں کی تلاش شروع کیا اس دوران شام ساڑھے سات بجے کے قریب ملی ٹینٹوں نے فائر کھولا جس کے بعد دونوں طرف سے شدید فائرنگ ہوئی۔وائٹ نائٹ کورنے ایکس میں اپنے ایک پوسٹ میں اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص اطلاع ملنے پر راشٹریہ رائفلز و پولیس نے عسر و پتنی ٹاپ کے مضافاتی واقع اکڑ جنگل کا محاصرہ کیا جہاں پر مشتبہ افراد کی نقل و حرکت دیکھی گئی اور شام ساڑھے سات بجے کے قریب طرفین میں گولیوں کا تبادلہ ہوا جو وقفے وقفے سے رات ساڑھے نو بجے تک جاری رہا تاہم اندھیرا ہونے کی وجہ سے فائرنگ کا تبادلہ رک گیا۔ذرائع کے مطابق بدھ کی اعلیٰ الصبح دوبارہ آپریشن میں تیزی لائی گئی اور تصادم کے مقام پر سیکورٹی فورسز و پولیس کو ایک امریکن ایم4کاربائن و تین بیگ ملے جس کے بعد وسیع پیمانے پر تلاش شروع کی گئی اور کچھ ہی دیر بعد فوج کا ملی ٹینٹوں کے ساتھ پھر سے رابطہ ہوا اور گولیوں کا سلسلہ دونوں طرف سے شروع ہوا جس کے نتیجے میں راشٹریہ رائفلز کا ایک کیپٹن دیپک سنگھ و ایک مقامی شخص زخمی ہوئے جنہیں پہلے پی ایچ سی عسر اور پھر آرمی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پر آرمی کیپٹن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہشہری پائر سنگھ زیر علاج ہے۔فوجی ذرائع کے مطابق علاقہ میں 3سے 4 ملی ٹینٹ موجود ہیں اور ان کی تلاش کے لئے ڈرونز و دیگر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے مضافاتی جنگلات کو بھی محاصرہ میں لیا گیااور بعد ایک ملی ٹینٹ مار گرایا گیا جس کی تصدیق کرتے ہوئے وائٹ نائٹ کورنے ایکس پر لکھے گئے ایک پوسٹ میں کی جس میں انہوں نے کہا کہ عسر پتنی ٹاپ کے مضافاتی جنگل میں ہوئی مسلح جھڑپ میں ایک ملی ٹینٹ مار گرایا گیا اس کے قبضے سے ایک اے کے 47برآمد کی گئی ہے اور آپریشن تاہنوز جاری ہے۔ڈوڈہ کے سینئرسپرانٹنڈنٹ آف پولیس جاوید اقبال نے کہا کہ آپریشن جاری ہے۔
بارودی دھماکہ
بدھ کو ضلع پونچھ کے ساوجیاں سیکٹرمیں بارودی سرنگ دھماکے میں ایک فوجی اور دو آرمی پوٹر زخمی ہوئے۔پولیس نے بتایا کہ ساوجیاں سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ ٹیکری پوسٹ کے قریب بعد دوپہر تقریباً اڈھائی بجے زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ پھٹ گئی جس کی زد میں آکر ایک فوجی اہلکار اور دو پورٹر زخمی ہوئے۔ زخمیوں کی شناخت حوالدار اندرجیت سنگھ، شکیل حسین (پورٹر) اور نیرج چودھری (پورٹر) کے طور پر ہوئی ہے جنہیں فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔