پونچھ میں افطاری کی محافل کا اہتمام

 پونچھ//شہر پونچھ کی مرکزی جامع مسجد میں ہر روزافطار کے وقت ایک محفل سجائی جاتی ہے جس میں ذکر و اذکار، درُود شریف اور استغفار کے وِرد کے ساتھ ساتھ امن و سلامتی اور خیر کی دُعا بھی کی جاتی ہے۔ اس تقریب کی قیادت مسجد کے امام و خطیب مولانا مفتی فاروق حُسین مصباحی کرتے ہیں جو قُرآن و حدیث کی روشنی میں اپنے وعظ و نصیحت سے بھی حاضرین کو محظوظ کرتے ہیں۔ تقریب کے سجانے میں نوجوانانِ اہلسُنّت کا اہم کردار ہے جو بعد نمازِ عصر ہی اس محفل کے انعقاد اور دستر خوان سجانے میں مصروف ہو جاتے ہیں۔ ماہِ رمضان میں سجائی جانے والی اس مبارک تقریب میں ہر روز متعدد عُلماء کرام، بُزرگ، نوجوان اور بچے شرکت کرتے ہیں جہاں مُختلف قِسم کے کھجور، پھل، پکوان اور مشروبات سے روزہ افطار کرایا جاتا ہے۔اس محفل میں شریک ہونے والے افراد کا کہنا ہے کہ افطار کی محفلیں تو کئی جگہوں پر سجائی جاتی ہیں لیکن اس محفل کی خصوصیت یہ ہے کہ یہاں وعظ و نصیحت بھی کی جاتی ہے جس سے متعدد شرعی مسائل کا جواب بھی مِل جاتا ہے جس سے مُسلم عوام کو بے حد فائدہ ہوتا ہے۔