پونچھ قلعہ کی بحالی اور تحفظ کو منظوری

حسین محتشم

پونچھ// جموں و کشمیر کے شاندار تاریخی ورثے کو محفوظ رکھنے کے اقدام کے طورپر مرکزی زیر انتظام علاقہ حکومت نے پونچھ قلعے کی بحالی، تحفظ اور دیکھ بھال کی منظوری دی ہے۔ یہ فیصلہ چیف سکریٹری، اتل ڈِلو کی صدارت میں ہوئی میٹنگ کے دوران لیا گیا، جہاں مقامی ورثے کو زندہ کرنے کے مقصد سے کئی پروجیکٹوں پر تبادلہ خیال اور منظوری دی گئی۔ پونچھ قلعہ، جو خطے کے شاندار ماضی کا ثبوت ہے، اب بحالی کے ایک جامع عمل سے گزرے گا۔ ضلعی انتظامیہ پونچھ نے پہلے ہی تاریخی قلعہ کی خوبصورتی اور دلکشی کو بڑھانے کے لئے بہت سی کوششیں کی ہیں۔ قلعہ کی فیس لفٹنگ کے علاوہ قلعہ کے اطراف میں تجاوزات اور غیر مجاز تعمیرات کو ہٹا دیا گیا ہے۔ بحالی کا مجوزہ کام مقامی اخلاقیات، ثقافت اور جمالیات کو برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے انجام دیا جائے گاجبکہ اس عمل کے دوران اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی کہ قلعہ کا تاریخی جوہر برقرار رہے۔ توقع ہے کہ اس پروجیکٹ سے پونچھ کی مجموعی ترقی اور پیشرفت میں مدد ملے گی۔اس سے جموں و کشمیر میں ایک نمایاں سیاحتی مقام کے طور پر اس کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔