پونچھ قصبہ میں نقب زنی کی واردات

حسین محتشم
پونچھ//پونچھ کے صدر مقام پر نقب زنی کی ایک اور واردات ہوگئی ۔ اس مرتبہ پونچھ شہر کے محلہ جرنیلی وارڈ نمبر پونچھ میں ایک خاتون کے گھر کے تالے توڑ کر نقب زن دو لاکھ نقدی اور دو سونے کی انگوٹھیاں لے اْڑے،۔واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی جس کے بعد پولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ واضح رہے کہ شہر پونچھ میں پچھلے کچھ روز سے اسی قسم کی کئی وارداتیں ہوچکی ہیںاور یہ وارداتیں دن دھاڑے انجام دی جا رہی ہیں پولیس کی لاکھ کوششوں کے باوجود ملزمان کا سراغ نہیں لگ پارہا ہے۔اس دوران ملزمان ایسے گھروں کا انتخاب کر رہے ہیں جن میں قیمتی مال و اسباب موجود ہوتا ہے ۔چور تالے توڑ کر گھروں میں موجود رقم لوٹ کر فرار ہو جاتے ہیں۔سنیچر کوجس خاتون کے گھر پریہ واردات پیش آئی اس کے مطابق وہ طبی معائنے کے لئے صبح دس بجے ہسپتال گئی تھی تو تقریبا دن کے گیاراں بجے واپس آئی اسی دوران اس کے گھر کے کئی تالے توڑ کر ایک پرس میں پڑے ہوئے دولاکھ روپئے اور دو سونے کی انگوٹھیاں لیکر ملزمان فرار ہوگئے ۔اس نے پولیس سے چوری روقم اور انگوٹھیاں برآمد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ غریب خاتوں ہی بڑی مشکل سے یہ رقم جوڑ پائی تھی جو چوری ہوگئی ہے۔اس دوران پولیس نے شکایت درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔