پونچھ ضلع میں شبانہ سیکورٹی میں اضافہ  | ضلع کے اہم راستوں پر ناکے قائم ،گاڑیوں کا باریک بینی سے معائینہ جاری

عشرت حسین بٹ
پونچھ//راجوری حملے کے بعد جہاں پورے جموں و کشمیر میںسیکورٹی مزید سخت کی گئی ہے وہیں پر ضلع پونچھ میں بھی شبانہ سیکورٹی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ فوج اور پولیس کو الرٹ پر رکھا گیا ہے ۔بھمبر گلی سے ضلع میں داخل ہونے والی ہر گاڑی کی تلاشی کی جارہی ہے ۔ضلع صدر مقام پر فوج اور پولیس کی جانب سے ناکے لگا کر شہر میں داخل ہونے والی ہر آنے جانے والی گاڑی کو چیک کر کے چھوڑا جارہا ہے۔ ادھر ضلع کے تمام علاقوں میں شبانہ سیکورٹی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی پونچھ روہت بسکوترا کے مطابق ڈھانگری حملے کے بعد اور یومِ جمہوریہ کے پیش نظر معمول کے مطابق پورے ضلع میں سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شبانہ گشت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ضلع میں پولیس کے تمام ناکوں کو فوج کی مدد سے مزید فعال بنایا گیا ہے۔ دریں اثنا منڈی کے عظم آباد میں چلائے جا رہی تلاشی مہم کے حوالے سے موصوف نے کہا کہ پولیس کو گزشتہ روز عظم آباد کے مقامی لوگوں کی طرف سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ انہیں علاقہ میں ایک مشتبہ شخص کی نقل و حرکت دیکھی تھی جس کے بعد پولیس اور فوج نے سرچ آپریشن شروع کیا جوکہ سنیچر کو دوسرے روز بھی جاری رہا ۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی اس معاملے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ۔