پونچھ بازار میں دکانداروں کی ضروری دستاویزات کی جانچ کی گئی

پونچھ//اسسٹنٹ لیبر کمشنر جہانگیر خان نے پونچھ بازار کا اچانک دورہ کر کے تاجروں کے ضروری دستاویزات کی جانچ کر نے کیساتھ ساتھ دکانوں پر کام کرنے والے افراد کو فراہم کی جارہی تنخواہوں کا معائینہ بھی کیا ۔اسسٹنٹ لیبر کمشنرنے دکانداروں کے لائسنس کی جانچ کے دوران معیاد ختم ہونے والے کاغذات و لائسنس کی جلدا زجلد تجدید کا حکم بھی جاری کیا ۔انہوں نے تمام دوکانداروں کے ساتھ کام کر رہے ان کے ملازمین کا پورا حساب دکھانے کو کہا اور انکی پوری تحقیقات کی کہ کیا انہیں سرکار کی طرف سے منظور شدہ ریٹ کے حساب سے کم سے کم 6750 روپے ماہانہ دیا جاتا ہے یانہیں۔ انہوں نے دکانوں پر کام کر رہے ملازموں سے بھی بات کی اور  تنخواہوں کے سلسلہ میں معلومات حاصل کی۔ مختلف دوکانداروں کے پاس ملازموں کا اندراج نہ ہونے پر موصوف نے موقعہ پر ہی ایک نوٹس جاری کیا جس میں ان سے پانچ دن کے اندر پورا حساب دکھانے کی ہدایت دی۔ موصوف نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ناگہ فارم ملازمین کی تنخواہوں کے علاوہ ان کے اس دورے کا اہم مقصدبچہ مزدوری تھا۔ انہوں نے کہا کہ انکے پاس شکایات آئی تھی کہ دکانوں پر بچوں سے بھی کا م لیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تین دوکانوں پر کم عمر بچے کام کرتے ہوئے پائے گئے جس کے بعد انہوں نے ان دوکانداروں کو نوٹس جاری کر کے پانچ دن کے اندر ان کے دفتر میں اپن عذر پیش کرنے کی ہدایت دی انہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے انکے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔