پولی تھین سے پاک ضلع بنانے پر میونسپل کونسل گاندربل کی تعریف

گاندربل//صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پول نے گاندربل کے دورے کے دوران انہوں نے قصبے کے وارڈ 8 چک دودہرہامہ میں عوامی پارک کے آس پاس صفائی مہم کا افتتاح کیا۔ان کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کریتیکا جیوتسنا،ناظم محکمہ اربن لوکل باڈیز متہرہ معصوم سمیت متعدد دیگر افسران بھی شامل تھے۔اس موقع پر میونسپل کونسل گاندربل کے ایگزیکٹیو آفیسر نوید اعجاز نے صوبائی کمشنر کشمیر کو ضلع میں صفائی ستھرائی اور ضلع کو پالی تھین سے پاک مہم کے بارے میں جانکاری دی۔صوبائی کمشنر کشمیر نے گاندربل کو پولی تھین سے پاک ضلع بنانے کے عزم کے لیے ضلع انتظامیہ اور میونسپل کونسل گاندربل کی تعریف کی۔صفائی مہم شروع کرنے کے بعد صوبائی کمشنر کشمیر نے عوامی پارک میں مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور ان پر زور دیا کہ وہ نالہ سندھ کے کناروں پر پلاسٹک،کوڈا کرکٹ اور ٹھوس فضلہ ڈال کر آلودہ نہ کریں۔ انہوں نے گاندربل ضلع کو پلاسٹک سے پاک بنانے کے لئے ان سے تعاون بھی طلب کیا۔ بعدازاں صوبائی کمشنر کشمیر اور ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے محکمہ جنگلات کے تعاون سے میونسپل کونسل گاندربل کے زیر اہتمام شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیا۔ انہوں نے نالہ سندھ کے کنارے پر پودے لگائے اور سر سبز جموں کشمیر مشن کا آغاز کیا۔ تقریب میں مختلف سکولوں کے طلباء نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران صوبائی کمشنرنے سامعین پر زور دیا کہ وہ ماحول کو صاف کرنے کے حکومتی اقدام کی مکمل حمایت کریں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں پولی تھین اور سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی لگائی جائے اور افسران ماحول کو صاف کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے پر زور دیا. صوبائی کمشنر نے محکمہ جنگلات کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر میں شجرکاری مہم کو آسان بنانے کے لیے پودوں کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آبی ذخائر اور دیگر غیر محفوظ جگہوں کی صفائی میں شامل مردوں کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے ان کی سخت محنت اور قابل تجدید فضلہ کو الگ کرنے کے لیے دن بھر کی کوششوں کے لیے اور انہیں سرٹیفکیٹس، حفاظتی سامان سے نوازا اور شناختی کارڈ فراہم کئے. اس موقع پر صوبائی کمشنر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "90 فٹ شاہراہ سے لیکر وائل پل تک ایک بہت بڑے پروجیکٹ کی تعمیر کی جارہی ہے. جس کی سروے کی رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے جبکہ ڈی پی آر کی تکمیل بھی پوری کرلی گئی ہے. بہت جلد اس بڑے پروجیکٹ کی ٹینڈر پر عمل درآمد کیا جارہا ہے جس کے مکمل ہونے سے گاندربل کی عوام کو ٹریفک جام سے راحت مل جائے گی ۔