پولیس کو بڑی کامیابی حاصل،4 لٹیرے سرغنہ سمیت گرفتار، رقم برآمد

بانہال // پولیس نے رواں سال اپریل کے مہینے میں بانہال قصبے سے ایک تاجر کا روپیوں سے بھرا بیگ لیکر فرار ہونے والے چار کار لٹیروں کوسرغنہ سمیت گرفتار کرلیا ہے اور اْن کے قبضے سے لوٹی گئی تقریبا چھ لاکھ روپئے کی رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔ پولیس کی اس کارروائی کی تاجر برادری اورعام لوگوں نے سراہنا کی ہے۔ اس سلسلے میں ا یس ایس پی رام بن موہن لعل نے بانہال میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23 اپریل کو طارق احمد میر ہول سیل دکاندار نے ایک تحریری شکایت پولیس کو دی جس میں کہا گیا کہ وہ بانہال قصبے میں دکان بند کرکے گھر کی طرف نکلنے والا تھا کہ اس دوران وہاں کار میں انتظار کر رہے افراد نے اْس کا بیگ چھین لیا جس میں چھ لاکھ روپئے کی نقدی رقم اور دیگر کاغذات موجود تھے۔ ایس ایس پی موہن لعل نے بتایا کہ اس شکایت کے موصول ہونے کے بعد پولیس کی نے ایک کیس نمبر 87 درج زیر دفعہ  392 رنبیر پینل کوڈ کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کی اور پولیس کی  کئی ٹیمیں وادی کشمیر کی طرف روانہ کی گئیں ۔واردات کی رات کو ہی جواہر ٹنل کے پار واردات میں استعمال کی گئی کار کو ضبط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایچ او بانہا ل ایجاز وانی ، سب انسپکٹر شمیم احمد سومبڑیا وادی میں دبش دینے کی کارروائی میں پولیس ٹیموں کی سربراہی کر رہے تھے جبکہ ایس ڈی پی او بانہال سجاد سرور اور ایڈیشنل ایس پی رام بن سنجے پریہار اور وہ خود اس واقع کو حل کرنے کیلئے پولیس ٹیموں کی نگرانی کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ٹیلی مواصلاتی سسٹم کی جانچ پڑتال اور مدد کے بعد پولیس نے وادی کشمیر سے کئی افراد کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا اور ایک مجرم سجاد احمد ولد محمد رمضان پرے ساکنہ ملک پورہ ، ترگام تحصیل بانڈی پورہ نے اپنا جرم قبول کرلیا اور دیگر مجرموں کے نام پولیس کو بتائے۔ گرفتار ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس کے ساتھ سید مظفر عرف ظفر سپاری ( سرغنہ) ، عاشق حسین ولد محمد اصغر صوفی ، محمد ابراہیم ولد عبدالرحمان راتھر تمام ساکنان یکھمن پورہ ، پٹن بھی واررادت میں موجود تھے اور لوٹی گئی رقم انہوں نے اپس میں برابر تقسیم کر ڈالی۔ انہوں نے کہا ایک ملزم کی اس جانکاری اور انکشاف کے بعد بانہال پولیس کی ٹیمیں سرگرم ہوگئی اور انہوں نے 25 مئی 2018 کو بقیہ تین مجرموں کو بھی گرفتار کیا اور اْن کے قبضے سے 5 لاکھ 97 ہزار اور 310 روپئے کی چرائی گئی رقم برآمد کرلی۔ انہوں نے کہا کہ بین الریاستی اور نیشنل ہائے وے پر لوٹ کو انجام دینے والی اس گینگ کی گرفتاری کے بعد پولیس نے ضلع بارہمولہ میں چوریوں کی کئی وارداتوں کو بھی حل کیا ہے جو ان چوروں نے انجام دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن میں گاڑی چوری کی کئی وارداتوں کی تحقیقات پولیس اس گروہ سے کر رہی ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس گینگ کا سرغنہ ظفر سپاری کم از کم چودہ واردتوں میں وادی کشمیر کی پولیس کو مطلوب  تھا اور شاہراہ پر ہوئی کئی وارداتوں کیلئے بھی ان سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ ایس ایس پی موہن لعل نے پولیس کی اس پیشہ ورانہ کارکردگی کیلئے پولیس تحیقیقاتی ٹیم کے افسروں اور اہلکاروں کی بھی سراہنا کی۔ دریں اثنا مقامی لوگوں اور تاجروں نے بھی پولیس کی طرف سے اس پیچیدہ مسئلے کو حل کرنے کیلئے پولیس کو مبارکبادی پیش کی ہے۔