پولیس کا جموں کشمیراوردہلی میں جنگجوحملوں کوناکام بنانے کا دعویٰ

جموں//جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ ، دلباغ سنگھ نے  اتوار کو کہا کہ اننت ناگ  اور جموں پولیس کی کوششوں نے پاکستان کی حمایت یافتہ عسکریت پسندوں تنظیموں کی جانب سے نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ دہلی میں حملوں کی کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ جموں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دلباغ سنگھ نے کہا،’’الیاس ڈاکٹر کی ہدایت پر وہ (لشکر مصطفیٰ کے سربراہ ہدایت اللہ ملک) دہلی گئے اور انہوں نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کے دفتر کے علاقوں کا دوبار احاطہ کیا اور اس علاقے کی ویڈیو  پاکستان میں اپنے آقائوں کو بھیجی‘‘۔ڈی جی پی نے کہا ’’ ہدایت اللہ ملک کی گرفتاری سے یہ بات منظر عام پر آگئی کہ جیش محمد نہ صرف جموں و کشمیر میں مقامات کو نشانہ بنانا چاہتی تھی ، بلکہ دہلی میں بھی حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے لئے مقامی عسکریت پسندوں کو استعمال کرنا چاہتی تھی‘‘۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی مسلسل کوششوں سے ، عسکریت پسند گروہوں کی طرف سے جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی کو مقامی رنگ دینے کی کوشش کو ناکام بنا سکے ، تاکہ عسکریت پسندی کو دوبارہ زندہ کرنے کیلئے لشکر مصطفیٰ اورٹی آر ایف کے سربراہاں کو گرفتار کرنے میں کامیاب  ہوئے۔ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے بتایا کہ ایل ایم اور ٹی آر ایف کو جیش محمد اور لشکر طیبہ نے بالترتیب  پاکستان کی ایماء پر تشکیل دیا اور یہ دونوں گروپ جنگجوئوں کے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس دونوں نئے بنائے گئے عسکریت پسند گروپوں کی قیادت کا سراغ لگا رہی ہے۔ڈی جی پی نے بتایا ’’ان میں سے ایک کا چیف ہدایت اللہ ملک تھا ،جو لشکر مصطفی سے تعلق رکھتا تھا (حال ہی میں جموں کے ضلع گنجال ، کنجوانی سے گرفتار کیا گیا تھا)۔انہوں نے کہا کہ اوور گراؤنڈ ورکر (او جی ڈبلیو) کی حیثیت سے وہ طویل عرصے سے عسکریت پسندی سے وابستہ سرگرمیوں میں سرگرم تھا اور بعد میں جیش محمد کی ہدایت پر اس نے ایک نئی تنظیم یعنی لشکر مصطفیٰ قائم کی۔انہوں نے کہاملک نے جنوبی کشمیر میں عسکریت پسندانہ سرگرمیاں شروع کیں اور اب ، وہ جموں میں اپنا ٹھکانہ قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ کشمیر کے علاوہ جموں میں بھی عسکریت پسندی سے متعلق سرگرمیاں چلائی جاسکیں۔ڈی جی پی نے کہا کہ ملک نے ایک نیٹ ورک قائم کرنے کی کوشش کی تاکہ سرحد (پاکستان) کے پار سے یا سرنگوں کے ذریعے یا ڈرون کے گرانے کے ذریعہ اسلحہ کشمیر منتقل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ جنگجو نے بہار کے علاقے چھپرا سے اسلحہ اسمگل کرنے کے لئے پنجاب میں اپنے ساتھی کے ساتھ ایک اور نیٹ ورک قائم کیا تھا۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ اب تک  اس نے ، عسکریت پسندی کی مختلف سرگرمیوں کے لئے 7 سے زائد پستول لائے اور تقسیم کئے۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس نے مزید کہا’’ظہورراتھرعرف خالد عرف ساحل ، جو ٹی آر ایف کے سربراہ تھے ، کو بھی (بری براہمنہ سامبہ سے) گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے طویل عرصے تک بالائے زمین کارکن کی حیثیت سے کام کیا،اور وہ ایک پرانا تربیت یافتہ عسکریت پسند ہے۔انہوں نے کہا کہ ظہور ابتدائی طور پر ، حزب المجاہدین کے ساتھ کام کر رہا تھا اور پھر ، اس نے اسلحہ کی تربیت پاکستان میں حاصل کی۔ ڈی جی پی نے مزید بتایا کہ واپسی پر ، اس کے ساتھ راجوری سے پانچ غیر ملکی عسکریت پسند بھی تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ پانچ سال تک کشمیر میں سرگرم رہے اور 2006 میں ہتھیار ڈال دیئے۔ان کا کہنا تھا کہ 2019 میں ، انہوں نے پاکستان کے آقائوں کی ہدایت کے بعد عسکریت پسندی میں دوبارہ شمولیت اختیار کی اور انہیں ٹی آر ایف کا چیف بنایا گیا۔ڈی جی پی نے بتایا کہ انہوں نے کشمیر میں ایک نیٹ ورک قائم کیا تھا اوراس کے 8 ارکان کی شناخت ہوگئی ہے اور ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔